تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں: گورنر پنجاب‘جماعت اسلامی خاموش تماشائی نہیں بن سکتی‘ صورتحال کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرے گی: لیاقت بلوچ
لاہور(خبر نگار)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے مختلف معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد کی خاطر ہمیں اپنے تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل مل بیٹھ کر ہی نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کوبے شمار چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمارا ملک مزید کسی بھی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں جماعت اسلامی خاموش تماشائی نہیں بن سکتی اور اس صورتحال کو بہتر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ذاتی مفادات کا نہیں بلکہ اجتماعی اور قومی سوچ کے مظاہرے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو کوئی بھی اقدام سوچ سمجھ کر اٹھانا ہوگا۔