• news

نظریہ ٔ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین کیلئے رفیق تارڑ کا انتخاب

نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں منعقد ہوا جس میں اتفاق رائے سے سابق صدر مملکت رفیق تارڑ کو ٹرسٹ کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔
محترم مجید نظامی مرحوم ؒنے 15 سال تک پوری جانفشانی کے ساتھ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین کے فرائض سرانجام دیئے تھے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو تحریک پاکستان اور دو قومی نظریئے سے روشناس کراکے ان میں جذبہ حب الوطنی بیدار رکھا۔ موسم گرما کی تعطیلات میں وہ طلبا کی نظریاتی، تعلیمی واخلاقی استعدادکار میں اضافے کیلئے سمر کیمپ لگاتے تھے۔ انہوں نے نظریاتی، دینی اور صحافتی میدانوں میں حق گوئی اور بے باکی کے پرچم سربلند کئے۔محترم مجید نظامی کے انتقال کے بعد اب سابق صدر رفیق تارڑ اتفاق رائے سے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ان سے توقع یہی ہے کہ وہ مجید نظامی مرحوم کے وضح کردہ اصول وضوابط کے مطابق نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ رفیق تارڑ مجید نظامی مرحوم کے قریبی ساتھی اور انکے رفیق کار رہے ہیں۔ اب ان پر اس حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔ امید ہے سابق صدر پاکستان اپنی زندگی کو پاکستان کی نظریاتی اساس کو مستحکم کرنے کیلئے وقف کرتے ہوئے محترم مجید نظامی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے رفیق تارڑ کو چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ رفیق تارڑ چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ وطن عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی حدود کے تحفظ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنانے میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن