عمران کے تحفظ کیلئے حفاظتی تحویل میں لینا ضروری ہے: صدیق الفاروق
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح کیا ہے کہ عمران خان نے خود اپنی اور شریف فیملی کے تمام افراد کی جان کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے ۔ اس صورتحال سے بچنے اور عمران خان کی جان کے تحفظ کیلئے انہیں فوراً حفاظتی تحویل میں لینا ضروری ہے ۔ عمران خان کا نفسیاتی علاج کروانا بھی ناگزیر ہے ۔بدقسمتی سے عمران خان چھوٹے طاہر القادری بن چکے ہیں۔اس امر کا اظہار پارٹی کے چیف کوآرڈی نیٹر محمد صدیق الفاروق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے یاد دلایا کہ عمران خان نے 9اگست کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ،’’نوجوانو ! اگر مجھے کچھ ہو گیا تو شریف فیملی کو کسی قیمت پر نہیں چھوڑنا۔‘‘ صدیق الفاروق نے کہا کہ ان کے اس بیان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان دشمن عناصر خدانخواستہ عمران خان پر حملہ کر سکتے ہیں۔
عمران خان کے اپنے دشمن ان کی جان لے سکتے ہیں۔ شریف فیملی کے مخالفین بھی ان کی جان کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ عمران خان کے کسی مہلک حادثے کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔ خدا نخواستہ ایسا ہوا تو اس میں شریف فیملی کے ارکان کا کیا قصور ہو گاکہ ان کے جان و مال کو خطرات سے دوچار کر دیا جائے۔
مسلم لیگ (ن) کے چیف کوآرڈی نیٹر نے کہا کہ بدقسمتی سے عمران خان چھوٹے طاہر القادری بن چکے ہیں۔ صدیق الفاروق نے بتایاکہ انہیں عمران خان کے فیملی ذرائع سے مصدقہ معلومات ملی ہیں کہ عمران خان ایک عرصے سے شدید نفسیاتی بیماری کا شکار چلے آ رہے ہیں۔ خاندان کے لوگوں نے بار بار عمران خان پر اس بیماری کا علاج کرانے کیلئے زور دیا لیکن عمران خان نے ان کے مشورے پر عمل نہیں کیا۔ اس بیماری کی وجہ سے ہی خان صاحب الٹے سیدھے فیصلے کرتے اور بیانات دیتے ہیں اور بار بار یو ٹرن لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
صدیق الفاروق