آزادی مارچ، زمان پارک پر رونقیں لگ گئیں مال روڈ سے سندر داس روڈ تک ٹریفک مفلوج
لاہور (خصوصی رپورٹر/ ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زمان پارک پر واقع رہائش گاہ پر آزادی مارچ کے سلسلے میں رونقیں لگ گئیں۔ ان کی رہائش گاہ پر پاکستان تحریک انصاف کے عہدیدار اور کارکن جمع ہو گئے۔ گاڑیوں کے پارک کئے جانے سے نہر والی سڑک مال روڈ سے سندرداس روڈ تک ٹریفک مفلوج ہو گئی۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔ گاڑیوں کے جلوس میں انہیں انکی رہائشگاہ زمان پارک لائے۔ این این آئی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پارٹی کے دیگر رہنمائوں کے ساتھ آج داتا دربار حاضری دیں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی آج ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے آزادی مارچ کی قیادت کیلئے عمران خان کیلئے بھی جدید سہولتوں سے آراستہ کنٹینر تیارکر لیا گیا‘ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی آرام گاہ اور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز کنٹینر ہو گا، باہر چاہے ڈگری ہو پچاس کنٹینر میں اے سی فرسٹ کلاس کام کرے گا۔ عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے یوم شہداء کی تقریب میں آنے والوں سے تین دن تک جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے استقبال کیلئے آنے والوں سے دو دن تک بیٹھے رہنے کا حلف لیا ہے۔ عمران کا ایک سپورٹر کوٹ ادو سے اپنی شادی منسوخ کر کے آزادی مارچ میں شرکت کیلئے زمان پارک پہنچ گیا اور حکومت کے خاتمے تک شادی نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔