اکبر بگٹی قتل کیس: مشرف کی ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور غداری کیس کی سماعت آج ہو گی
کوئٹہ (ثناء نیوز) کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج طارق انور کانسی نے سابق صدر جنرل ( ر ) پرویز مشرف کو نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں ایک روز کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے انہیں اپنے ضامنوں کے ہمراہ ہر صورت 8 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت پرویز مشرف کے وکیل نے بتایا کہ پرویز مشرف بیمار ہیں ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے ۔ پرویز مشرف کے وکیل نے اپنے موکل کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا ۔ عدالت نے پرویز مشرف کو عدالتی حاضری سے ایک دن کے لئے استثنیٰ دیتے ہوئے انہیں حکم دیا کہ وہ اپنے ضامنوں کے ہمراہ آئندہ سماعت پر آٹھ ستمبر کو ہر حال میں پیش ہوں ۔ دوران سماعت صوبائی وزیر داخلہ نواب شعیب نوشیروانی بھی عدالت میں پیش ہوئے عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ خصوصی عدالت میں مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج منگل کو ہو گی۔ وکیل دفاع کی جانب سے جے آئی ٹی ٹیم کے رکن اور گواہ ڈائریکٹر ایف آئی اے مقصودالحسن پر جرح کی جائے گی جبکہ پرویز مشرف کی 3 نومبر 2007ء کی تقریر کی سی ڈی کے حوالے سے اعتراضات عدالت میں جمع کروائے جائیں گے۔