• news

لانگ مارچ کا مشورہ سابق سپائی ماسٹر نے دیا، سڑکوں پر آنے والے جنونی کو روکنا حکومتی ذمہ داری ہے: پرویز رشید

لاہور+ اسلام آباد( خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کو لائسنس ٹو کِل جاری کردیا ہے، تحریک انصاف عوامی تحریک کی بی ٹیم بن گئی ہے۔ میڈیا قتل پر اکسانے والوں کا بائیکاٹ کرے، مسلم لیگ (ن)کے کارکن پر امن رہیں اور صبر کا مظاہرہ کریں جبکہ وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا سابق سپائی ماسٹر نے عمران خان کو احتجاج کا مشورہ دیا، عمران خان نے اپنے مطالبات اب تک نہیں بتائے تمام جمہوری قوتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں عمران خان پارلیمنٹ میں تنہا ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا پر بریفنگ دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا عمران خان اقتدار کیلئے پورے پاکستان کو آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں‘ عمران خان نے اپنی خواہشات کی تکمیل کیلئے اپنی جماعت کو عوامی تحریک میں ضم کردیا ہے۔ طاہر القادری نے اپنی تقریر میں ہر کارکن کو قتل کرنے کا لائسنس دیا ۔ طاہر القادری ملک میں خانہ جنگی اور انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں پاکستان کو عراق اور شام بننے سے روکنے کیلئے طاہر القادری جیسے لوگوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کا نشانہ حکومت نہیں بلکہ پارلیمنٹ ہے چند ہزار لوگوں کو اٹھارہ کروڑ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا تحریک انصاف نے انتخابات میں شکست جانچنے کیلئے خود فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی بنائی اور کمیٹی نے رپورٹ جاری کردی۔ جس کا اب عمران خان ذکر نہیں کررہے۔ اس کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے عمران خان  نے پیسے لیکر ٹکٹیں دی اسلئے وہ اچھے امیدوار کا مقابلہ نہیں کر سکے۔ عمران خان شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ پھینکیں تحریک انصاف بنانے ولا سپائی ماسٹر پاکستان آگیا ہے تحریک انصاف کو انتخابات میں جتوا تو نہیں سکے عمران خان کو احتجاج کیلئے مشورے دے رہے ہیں۔ عمران خان کو 11 مئی کے انتخابات میں شکست ہوئی وہ چودہ اگست کو بھی کامیاب نہیں ہوں گے حکومت ہر صورت میں پاکستان کے امن کا تحفظ کریگی۔ عمران خان کو قتل کے فتوے جاری کرنے والے کے خلاف ایک لفظ کہنے کی توفیق نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ طاہر القادری اور عمران خان پاکستان کی فوج کو بدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں عمران خان آپریشن ضرب عضب کے مخالف ہیں ہر ادارہ آئین میں رہ کر کام کررہا ہے عمران خان کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا انہوں نے کہا عمران خان نے اپنے مطالبات بتائے نہیں وہ کہہ رہے ہیں وہ اسلام آباد جاکر بتائیں گے جبکہ ہم نے جب لانگ مارچ کیا تھا تو ہمارے مطالبہ سے دنیا آگاہ تھی۔ عمران خان نے بتایا ہی نہیں وہ کیوں آرہے ہیں اور اسلام آباد میں کس جگہ پر آرہے ہیں پندرہ لاکھ کے شہر میں دس لاکھ لوگوں کو کہاں بٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود تو سیرینا ہوٹل چلے جائیں گے دس لاکھ لوگوں کو کہاں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا  ہماری جماعت اور حکومت ہر شکل میں پاکستان کے امن کا تحفظ کرنے کی پابند ہے ۔ ریاست میں کوئی اس نیت سے نکلے گاکہ وہ اپنی مرضی سے لوگوں کی گردنیں اتارے گا ‘ اپنے مخالفین کی گردنیں اتارے گا اور اپنے کارکنوں کی گردنیں اتارے گا اس طرح کے جنوبی اور قاتل کو روکنا حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے اور جو انکا ساتھ دیں گے او رانکی بی ٹیم بن گئے ہیں انہیں بھی روکا جائیگا۔ پرویز رشید نے کہ عمران خان یہ کیوں نہیں بتاتے کہ سیکریٹری صحت انکی امیدوار یاسمین راشد کے بھائی تھے۔ عمران خان یہ بھی نہیں بتا رہے کہ ان کے مشیر طارق پرویز کو وزیر داخلہ بنایا گیا۔ عمران خان کے کہنے پر ہی نجم سیٹھی نے قمر زمان چودھری کو چیف سیکریٹری نہیں بنایا۔ تحریک انصاف کے رہنما کے داماد غلام سرور چیمہ سیکریٹری خزانہ تھے۔ نگران سیکریٹری اطلاعات امجد بھٹی پانچ سال پرویز الٰہی کے پی آر او رہے۔ عمران کی خواہش پر عدالتی عملے کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران تعینات کیا گیا۔ مزید برآں پرویز رشید نے کہا عمران خان اور طاہر القادری کا اتحاد ملک میں افراتفردی کا ماحول پیدا کرنا چاہتا ہے، عمران خان  کی پریس کانفرنس  جھوٹ کا پلندہ ہیں وہ چودہ ماہ سے یوٹرن لے رہے ہیں اورحقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا سابق چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کے الزامات کی تردید کی ہے ۔ عمران خان عدلیہ پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن کا احترام نہیں کرتے۔

ای پیپر-دی نیشن