کور کمانڈرز کانفرنس: ملکی سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ کریں گے نہ دہشت گردوں کو واپس آنے دیں گے: عسکری قیادت
اسلام آباد+ راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں منعقدہ کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا اور دہشتگردوںکو دوبارہ منظم ہونے دینگے نہ واپس آنے دیا جائیگا۔ آپریشن ضرب عضب ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگا، وطن عزیز کو دہشت گردی سے پاک کرکے دوبارہ پُرامن سرزمین بنائیں گے‘ مادر وطن کیخلاف کسی بھی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا۔ پیر کو آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب، متاثرین کی امداد‘ سرحدوں پر افغانستان اور بھارت سے ہونے والی خلاف ورزیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق کانفرنس میں اعلیٰ ترین عسکری قیادت نے ملک کی تبدیل ہوتی ہوئی سیاسی صورتحال ‘ قومی سلامتی کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب اور اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ پر بعض سیاسی جماعتوں کے تحفظات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی ایم او اور دیگر افسران نے آپریشن ضرب عضب‘ پاکستان کی افغانستان اور بھارت کے ساتھ ملحقہ سرحدوں پر ہونے والے واقعات خاص طور پر افغانستان سے مسلسل دہشت گردوں کے پاکستان کے اندر آکر حملوں‘ افغانستان کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں اور الزام تراشی بارے بریفنگ دی۔کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے اور ان علاقوں کی طرف دوبارہ واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی انہیں ملک کے کسی کونے میں جگہ دی جائے گی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں اب تک کی پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاری آپریشن میں جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرنے اور جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف نے آپریشن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سٹیک ہولڈرز کی جانب سے طویل المدت انسداد دہشت گرد پالیسی اور انسداد شدت پسندی اقدامات سے اسے حمایت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور قوم کی حمایت سے آپریشن ضرب عضب ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ آرمی چیف نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین کے گھروں کے باہر رہنے کی صورت میں اور جلد گھروں کو واپسی کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میںکور کمانڈرز نے افغانستان کی الزام تراشی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطہ میں عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے ہم نہ تو اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے دیں گے اور نہ ہی کسی کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دینی چاہئے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک پاک فوج ان کی ہر طرح سے مدد جاری رکھے گی۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء کو ضرب عضب پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کور کمانڈر کانفرنس میں شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ اکٹھے نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردوں کو نہ منظم ہونے دیا جائے گا نہ واپس آنے دیں گے، دہشت گردوں کو ملک میں کہیں بھی جگہ نہیں دی جائے گی، آپریشن میں جان کی قربانی دینے والوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔