پاکستان میں 2013ء کے انتخابات بہت زیادہ آزادانہ اور منصفانہ تھے: مبصر مشن یورپی یونین
اسلام آباد (اے پی پی) یورپی یونین کے انتخابی مبصر مشن نے اپنی حتمی رپورٹ میں کہا ہے 11 مئی 2013ء کے انتخابات ملک میں منعقد ہونے والے گذشتہ انتخابات کے مقابلہ میں بہت زیادہ آزادانہ اور منصفانہ تھے۔ یورپی یونین مبصر مشن کے اخذ کردہ نتائج کے مطابق شدت پسندوں بڑھتے ہوئے حملوں اور طریقہ جاتی خامیوں کے باوجود انتخابی عمل بہت زیادہ مسابقت کے ساتھ آگے بڑھا، ووٹروں کی شرکت اور نتائج کی مجموعی قبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ 11 مئی 2013ء کو انتخابات کے بعد چیف مبصر مائیکل گیلر نے کہا کہ اب نئی پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کیلئے وقت ہے وہ ایک جمہوری پاکستان کیلئے اپنے عزم کا مظاہرہ کریں، قانون سازی کو مزید آگے بڑھایا جا سکتا ہے اور ہر ضمنی انتخاب اور مقامی الیکشن بہتر طریقہ کار پر عملدرآمد کیلئے ایک موقع ہے۔ 140 رکنی مبصر مشن نے آئندہ کے انتخابات میں بہتر شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے 50 سفارشات مرتب کیں۔ مائیکل گیلر کے مطابق ان میں سے 7 آئینی تبدیلیوں اور 17 پارلیمانی قانون سازی میں تبدیلیوں کی متقاضی ہیں یورپی یونین مشن نے انتخابات کے بارے میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی تجویز کی جو بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کے فریم ورک کے اندر قانون سازی سے متعلق جائزہ لے۔ یہ بھی سفارش کی گئی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابات کی انتظامیہ کی پوری ذمہ داری لینی چاہئے۔ کمیشن کو اپنے پانچ سالہ سٹرٹیجک منصوبہ پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔