• news

سعید اجمل کے بائولنگ ایکشن پر ایک بار پھر اعتراض: آئی سی سی کے تجزیے سے گزرنا پڑیگا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ نیوز ایجنسیاں) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل ایک بار پھر مشکوک باؤلنگ ایکشن کی زد میں آگئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے میچ آفیشلز نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر معین خان کو رپورٹ دی کہ سعید اجمل کی بعض گیندیں قوانین پر پوری نہیں اتر رہی تھیں لہٰذا انہیں اپنے باؤلنگ ایکشن کی درستگی کے لئے آئی سی سی کے مروجہ قوانین کے مطابق بائیو مکینک تجزیے کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔آئی سی سی نے کہا کہ سعید اجمل کو اس تجزئیے کے لئے 21 روز درکار ہوں گے اور اس تجزئیے کا نتیجہ آنے تک وہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ یہ دوسرا موقع ہے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر میچ آفیشلز نے اعتراض کرتے ہوئے رپورٹ دی۔ اس سے قبل 2009 میں انکے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض ہوا تھا جسکی وجہ انکی مخصوص گیند’ دوسرا‘ تھی، تاہم بعد میں اسے کلیئر کر دیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن