• news

چمن، ہنگو: ریموٹ کنٹرول بم دھماکے، 5 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی

چمن + ہنگو (این این آئی) چمن میں مال روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 6 افراد زخمی اور متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ ذرائع کے مطابق جیسے ہی سکیورٹی قافلہ مال روڈ سے گزرا تخریب کاروں نے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے موٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیر مواد کو اڑا دیا جس کے نتیجے میں 6 راہگیر زخمی اور متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں 2 زخمیوں کی حالت تشویشاک ہونے کے باعث انہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا زخمیوں میں حبیب اللہ، موسیٰ، عبدالمتین، عبدالمنان احمد شامل ہیں۔ دوآبہ کے علاقہ سروزئی میں آرمی کے گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں 5 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں ھنگو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اس حوالے سے ڈی پی او ھنگو انور سعیدکنڈی نے بتایا کہ مین روڈ کے کنارے ریموٹ کنٹرول بم نامعلوم شرپسندوں نے نصب کیا تھا جیسے ہی سکیورٹی فورسز کا قافلہ گزرا تو دھماکہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار سپاہی سجاد، لانس نائک اسد، سپاہی ایاز، سپاہی یاسین، سپاہی ماجد علی زخمی ہو گئے۔ بلوچستان کے علاقوں بختیار آباد اور دشت میں ایف سی اور لیویز چیک پوسٹوںپر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام، جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہوگئے۔ لیویز کے مطابق بختیار آباد میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب 2 راکٹ فائر کئے گئے جو ویران علاقے میں گر کر زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ دشت کے علاقے میں مسلح افراد نے لیویز ناکے پر حملہ کردیا جہاں فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہوگئے تاہم مسلح افراد نے ناکے کے لئے لگائے گئے خیمے کو آگ لگادی جس سے 2 موٹرسائیکل جھل کر خاکستر ہوگئیں۔

ای پیپر-دی نیشن