فضل الرحمن جے یو آئی (ف) کے بلامقابلہ امیر، غفور حیدری سیکرٹری جنرل منتخب
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی کے مرکزی انتخابات مکمل ہو گئے۔ نتائج کے مطابق جے یو آئی کے آئندہ تین سال کے لیے مولانا فضل الرحمان امیر اور مولانا عبدالغفور حیدری سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔ پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس پشاور کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مرکزی ناظم انتخابات ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کی زیرنگرانی ہوا۔ مرکزی ترجمان مولانا محمد امجد خان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان بلامقابلہ امیر منتخب ہوئے۔ اس عہدے کے لیے ان کا نام جے یو آئی بلوچستان کے سابق امیر مولانا محمد خان شیرانی جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری کا نام مولانا محمد امجد خان نے پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل کے لیے جنرل کونسل کے ممبران نے خفیہ بیلٹ کے ذریعے اپنا حق استعمال کیا۔ جے یو آئی کے رہنمائوں مولانا قمرالدین، مولانا قاری فیاض الرحمان علوی، مولانا محمد امجد خان، مولانا رشید احمد لدھیانوی، مولانا جمیل الرحمان درخواستی اور دیگر نے مولانا فضل الرحمان اور مولانا عبدالغفور حیدری کو مبارکباد پیش کی ہے۔