• news

انتخابی اصلاحات‘ پارلیمانی کمیٹی کے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کا مسودہ تیار

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) انتخابی اصلاحات پر  پارلیمانی کمیٹی کے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کا مسودہ اتفاق رائے سے تیار کرلیا گیا جو آج پارلیمانی کمیٹی  کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا پارلیمانی کمیٹی کے اِن کیمرہ اجلاس کے بعد کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر اسحاق ڈار نے صحافیوں کو بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کمیٹی کے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ قواعد و ضوابط کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے دو سینیٹرز اور مسلم لیگ (ق) کے ایک سینیٹر نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں شرکت کرنا تھی اسلئے ورک پلان کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ پیر کو پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں کمیٹی کے چیئرمین اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن‘ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر رضا ربانی‘ شازیہ مری‘ (ق) لیگ کے مشاہد حسین سید‘ تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی‘ قومی وطن پارٹی کے صدرآفتاب احمد خان شیرپائو‘ مسلم لیگ (ضیائ) کے اعجازالحق‘ اے این پی کے حاجی عدیل‘ جماعت اسلامی کے شیر اکبر‘ جے یو آئی (ف) کی نعیمہ کشور نے شرکت کی۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی سینٹ کی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات سفارشات پر بھی غور کریگی، کمیٹی کے ارکان کو سینٹ کی خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی کاپیاں دیدی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا سکوپ آف ورک قومی اسمبلی کی قرارداد کے مطابق ہوگا اور گذشتہ انتخابات کے سقم دور کرنے کیلئے تجاویز پر غور کیا جائیگا۔ انہوں نے سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے باوجود پارلیمانی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے گی۔ مارچ چھٹی والے دن ہوگا اس سے کمیٹی کے کام پر اثر نہیں پڑیگا۔

ای پیپر-دی نیشن