• news

لانگ مارچ والوں کو اسلام آباد آنے دیں‘ میاں صاحب ڈر کس بات کا ہے: یوسف گیلانی

کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت احتجاج کرنے والوں پر قدغن نہ لگائے وگرنہ تصادم ہو سکتا ہے، نوازشریف نے بھی لانگ مارچ کیا تھا وہ اپنا وقت یاد کریں، لانگ مارچ کرنیوالوں کو اسلام آباد جانے کی اجازت دی جائے وہ 50 لاکھ افراد کا جلسہ کر کے واپس چلے جائیں گے، میاں صاحب کو احتجاج کرنیوالوں سے کس بات کا ڈر ہے؟ موجودہ حالات حکومت کی تنگ نظری کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ چار حلقوں والی بات پہلے مان لی جاتی تو نوبت یہاں تک نہ آتی جب مذاکرات کا وقت تھا وزیراعظم ملک سے باہر چلے گئے تھے۔ کراچی پریس کلب میں یوم اقلیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف احتجاج کرنے والوں پر قدغن نہ لگائیں اور احتجاج کرنے والے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کریں نہیں تو تصادم پیدا ہو گا جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔ پیپلز پارٹی نے خون کی قربانیاں دے کر جمہوریت حاصل کی ہے اس کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن