مغربی کنارا: اسرائیلی فوج کی فائرنگ‘ ایک اور فلسطینی شہید‘ ترکی کے امدادی گروپ کا پھر ’’فلوٹیلا‘‘ غزہ بھیجنے کا اعلان
نابلوس (رائٹرز+ این این آئی) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلوس کے قریب فائرنگ کرکے فلسطینی نوجوان کو شہید اور 6 افراد کو زخمی کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق صیہونی فوج نے 23 سالہ زکریہ الاقراء کے گھر پر چھاپہ مارا اور فائرنگ کرکے اسے شہید کر دیا۔ فائرنگ سے دیگر 6 افراد زخمی ہو گئے۔ اسی دوران صیہونی فوجیوں نے بلڈوزروں سے زکریا کا مکان بھی جزوی طور پر تباہ کر دیا۔ زکریا تیسرا فلسطینی ہے جسے گزشہ چار روز کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے پر فائرنگ کرکے شہید کر دیا گیا اور ترکی کے ایک امدادی گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امدادی بحری جہازوں پر مشتمل ایک نیا فلوٹیلا غزہ بھیجے گا تاکہ اس علاقے کی اسرائیلی ناکہ بندی کو چیلنج کیا جائے۔ واضح رہے کہ 4 سال پہلے بھی ترکی سے امداد لے کر ایک فلوٹیلا غزہ بھیجا گیا تھا جس پر اسرائیلی کمانڈوز نے دھاوا بول کر 10 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد ترکی کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کو شدید دھچکا لگا تھا۔ 3 روزہ جنگ بندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فلسطینیوں نے امدادی کام اور بحالی کی کوششیں تیز کر دیں۔ بمباری میں منہدم عمارتوں کا ملبہ ہٹایا۔ این این آئی کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے سفاکانہ حملوں کے اثرات پر غوروخوض کیلئے او آئی سی کی مجلس عاملہ آج منگل کو اجلاس منعقد کریگی، کئی وزراء خارجہ نے جدہ اجلاس میں شرکت کی توثیق کردی ہے جس میں بین الاقوامی فورمز میں فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کے مسئلہ کو اٹھانے پر تبادلہ خیال کیا جائیگا، ایگزیکٹو کمیٹی میں مصر، سنیگال، ترکی ، سعودی عرب ، کویت اور گنی شامل ہے، او آئی سی سیکرٹری جنرل ایاز مدنی غزہ میں اسرائیل کی مسلسل جارحیت کو رکوانے کیلئے بین الاقوامی تنظیموں سے رابطہ کر کے گزشتہ ماہ کمیٹی کی جانب سے منظور قراردادوں پر کام کررہے ہیں۔ گروپ نے صہیونی آپریشن کے بعد اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرے۔