وفاقی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا، طالبات بازی لے گئیں
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی تعلیمی بورڈ نے ماہ اپریل جون 2014ء میں منعقد ہونے والے ہائیر سکینڈری سکول سرٹیفیکیٹ (انٹرمیڈیٹ) پارٹ ٹو کے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا۔ پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، جنرل سائنس اور کامرس گروپ میں طالبات بازی لے گئیں جبکہ آرٹس گروپ میں پہلی پوزیشن انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنسز سترہ میل کے طالب علم نے حاصل کی۔ سالانہ امتحان میں 53ہزار 506 امیدواروں نے حصہ لیا، مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 70.65فیصد رہا ۔41ہزار 967 امیدواروں نے ریگولر جبکہ 11ہزار 539امیدواروں نے پرائیویٹ حیثیت میں امتحان میں حصہ لیا۔ ریگولر امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 76.08جبکہ پرائیویٹ امیدواروںکی کامیابی کاتناسب 50.87 فیصد رہا ہے ۔ فیڈرل بورڈ نے گزشتہ روز جون 2014ء کے سالانہ امتحان کے نتائج کے حوالے سے گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت انجینئر بلیغ الرحمان تھے۔ بورڈ کے جاری کردہ اعلان کے مطابق آرٹس گروپ میں طالب علم عزیز الحق نے 940نمبرز کے ساتھ پہلی، طالبہ اریبہ ذاکر نے 930نمبرز کے ساتھ دوسری، طالبہ سلمٰی بی بی نے 928نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پری میڈیکل گروپ میں طالبہ ماریہ امین نے 1034نمبر کے ساتھ اول، طالب علم ملازم حسین نے 1028نمبرز کے ساتھ دوئم، نیو لالہ زار راولپنڈی کینٹ کی طالبہ ایمن شفاقت باز نے 1026نمبرز اور طالبہ ماہم فضل نے 1026کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔پری انجینئرنگ گروپ میں پہلی پوزیشن، طالبہ مریم اسد نے 1018نمبرز کے ساتھ حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن، طالب علم سبحان احمد 1016نمبرز ، تیسری پوزیشن، طلحہ رحمان نے 1015نمبر لے کر حاصل کی۔ طالبہ امینہ صدیق نے 1015نمبر کے ساتھ حاصل کی۔ تقریب کے آخر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت میاں بلیغ الرحمان نے اعلٰی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارک باد دی۔