• news

نقل مکانی نہ کرنے والوں کو بے گھر کرنے کی بجائے ان کی مدد سے آپریشن کیا جائے: جرگہ

لندن (بی بی سی اردو) شمالی وزیرستان کے گرینڈ اتمانزئی جرگے نے حکام سے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے عیدک اور دیگر علاقوں میں لوگوں کو بے گھر کرنے کے بجائے ان مقامی افراد کے ذریعے آپریشن کیا جائے۔ پیر کو بنوں میں گرینڈ اتمانزئی جرگے کے ارکان نے اعلیٰ سول و فوجی حکام سے چھاؤنی میں ملاقات کی جس میں فوجی آپریشن سے متاثرہ افراد کے مسائل اور آپریشن کو دیگر علاقوں تک بڑھانے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ جرگے کے اہم رکن پیر عاقل شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ حکام سے کہا ہے کہ جہاں سے لوگوں نے نقل مکانی نہیں کی، انہیں بے گھر نہ کیا جائے بلکہ مقامی لوگوں کی مدد سے آپریشن کیا جائے۔ اطلاعات ہیں کہ حکام کو یہ خدشہ ہے کہ شدت پسند کہیں ان علاقوں میں روپوش نہ ہو گئے ہوں اسلئے ان علاقوں میں آپریشن کیا جاسکتا ہے۔ عیدک کے لوگوں نے فوجی حکام کو تجاویز دی ہیں کہ مقامی لوگ فوج سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ جن علاقوں میں آپریشن مکمل کر کے شدت پسندوں سے صاف کر دیے گئے ہیں ان علاقوں میں لوگوں کی واپسی کا عمل شروع کیا جائے۔ اتمانزئی جرگے نے متاثرہ افراد کیلئے پشاور، ایبٹ آباد، کرک، لکی مروت اور دیگر علاقوں میں راشن پوائنٹس قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن