• news

شہباز شریف مقبولیت میں پہلے‘ عمران تیسرے نمبر پر‘ طاہر القادری ناپسندیدہ: پلڈاٹ‘ گیلپ

اسلام آباد (آئی این پی) 67 فیصد پاکستانی ملک میں منتخب جمہوری حکومت کو بہترین، صرف 19 فیصد فوجی حکومت کو بہترین نظام سمجھتے ہیں۔ منگل کو پارلیمنٹ کے کردار پر نظر رکھنے والی غیر سرکاری تنظیم ’’پلڈاٹ‘‘ کے گیلپ پاکستان کے اشتراک سے کئے تازہ ترین سروے کے مطابق پاکستانی عوام میں مقبولیت کے لحاظ سے شہباز شریف پہلے، نواز شریف دوسرے اور عمران خان تیسرے نمبر پر ہیں، سروے میں طاہر القادری ملک کے ناپسندیدہ ترین لیڈر نکلے ،  63 فیصد عوام نے 11 مئی 2013ء کے عام انتخابات کو مکمل شفاف، 37 فیصد نے دھاندلی زدہ الیکشن قرار دیا، عوامی رائے پر مبنی جاری ہونے والا یہ ملک گیر سروے 16 جولائی اور 6 اگست کے درمیان کیا گیا جس میں 3 ہزار 65 پاکستانیوں سے رائے لی گئی‘ 57 فیصد عوام نے شہباز شریف کی قیادت پر اعتما دکا اظہار کیا۔ نوازشریف دوسرے نمبر پر رہے انہیں 53 فیصد عوام نے ووٹ دیا جبکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان تیسرے نمبر پر رہے جس کی قیادت پر 52 فیصد عوام نے اعتماد کا اظہارکیا۔ سروے میں عوامی تحریک کے طاہر القادری کو ملک کا ناپسندیدہ ترین لیڈر قرار دیا گیا۔ پورے پاکستان سے 72 فیصد پاکستانیوں نے ان کی قیادت کو بدترین جبکہ صرف 21 فیصد نے انہیں اچھا یا بہت اچھا لیڈر قرار دیا۔ مشرف بھی ملک کے غیر مقبول لیڈرز کی فہرست میں شامل ہیں۔ 62 فیصد شہریوں نے انہیں برا یا بہت برا جبکہ 34 فیصد نے انہیں اچھا یا بہت اچھا لیڈر قرار دیا۔ ملک کے دیگر تمام لیڈرز کی مقبولیت منفی رہی۔ 85 فیصد آبادی کے نزدیک الیکشن کمشن کے فنکشنز کی اصلاح اور اس کے کردار پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔52 فیصد پاکستانیوں نے الیکشن کمشن پر عدم اعتماد جبکہ 44 فیصد نے کسی حد تک اعتماد کا اظہار کیا صرف 30 فیصد پاکستانیوں کے نزدیک موجودہ الیکشن کمشن آئندہ عام انتخابات بہتر انداز میں منعقد کرا سکے گا جبکہ 26 فیصد نے اس بارے میں شدید شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور کہا موجودہ کمشن اس سے بھی برے کرائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن