آئیں دونوں مستعفی ہوکر ایک دوسرے کے حلقے سے الیکشن لڑیں سعد رفیق کا عمران کو چیلنج
لاہور (خصوصی رپورٹر + ایجنسیاں) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کو مستعفی ہوکر ایک دوسرے کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان خودکچھ کرتے ہیں اور نہ ہی ہمیں کچھ کرنے دے رہے ہیں، عمران خان یوٹرن لینے کے ماہر ہیں، طاہر القادری کو کسی صورت انقلاب مارچ کی بھی اجازت نہیں دینگے وہ پولیس کو ’’مطلوب‘‘ہیں، عمران خان خود کو طاہر القادری سے الگ کرکے امن مارچ کی تحریری یقین دہانی کروا دیں تو انہیں آزادی مارچ کی اجازت دی جاسکتی ہے، جمہوریت کو کسی آزادی یا انقلابی لانگ مارچ سے کوئی خطرہ نہیں ہے، عمران خان دھاندلی کا بہت شور مچاتے ہیں۔ میں اور عمران خان دونوں استعفیٰ دیتے ہیں میں ان کے اور وہ میرے حلقے سے الیکشن لڑیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا اور میرے اپنے گھر میں ٹھپے لگانے کی بات مذاق لگتی ہے، طاہر القادری اپنے پیروکاروں سے سنگین قسم کے مذاق کرنا چھوڑ دیں ایسے مذاق بہت مہنگے پڑتے ہیں، عمران خان مل بیٹھ کر معاملے کو حل کرلیں ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے ہمیں ایک دوسرے کے بجائے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے جنگ لڑنی ہے، عمران خان اپنے ووٹرز کو کیا جواب دیں گے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے آزادی ٹرین چلائی ہے لیکن اس پر ادارے کا کوئی بھی پیسہ نہیںلگا۔ چین سے 23 لوکوموٹیوز موصول ہوچکے ہیں 20 آنے والے ہیں اور 5 کے پارٹس ریلوے کے پاس ہیں اور ہم مزید 75 لوکوموٹیوز لینا چاہتے ہیں۔ کراچی سے لاہور تک ہم 180ٹرینیں چلائیںگے جس سے ہر 15منٹ کے بعد ایک ٹرین چلے گی۔ عمران خان نے حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں بدنام کرکے انہیں سائیڈ لائن کیا اور خود وہیں سے الیکشن لڑلیا یہ دھاندلی کی نئی قسم ہے۔ عمران خان انوکھے لاڈلے ہیرو ہیں اور کسی کی بات نہیں مانتے انہیں لانگ مارچ کی کیا ضرورت ہے ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان جنگ اور تختہ الٹانے کی بات کرتے ہیں اگر ڈنڈوں اور سوٹوں سے ہی حکومت گرانی ہے تو پھر یہ کوشش کرکے دیکھ لیں ہم نے جو لانگ مارچ نکالا تھا وہ عدلیہ کی بحالی کیلئے کیا تھا جب عدلیہ بحال ہوگئی تو ہم نے اپنا لانگ مارچ ختم کردیا۔ طاہر القادری اپنی تقریر میں اپنے ساتھ رہنے والوں کو لیلۃ القدر کے برابر ثواب کی بات کرتے ہیں اور وہ توہین کے مرتکب ہورہے ہیں ہمیں تو ڈر لگتا ہے انہیں انقلاب کی الف ب کا پتہ نہیں ہے خواتین انہیں ولی اللہ سمجھتی ہیں ہم بچیوں، کارکنوں اور پولیس والوں کو تحفظ دینا چاہتے ہیں۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ آزادی مارچ کے بجائے آئی ڈی پیز کی مدد کریں اور جب حکومت آئی ڈی پیز کی مدد کرنا چاہتی ہے تو ہماری ٹانگیں کھینچی جاتی ہیں ان کی انہی حرکتوں کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی اس کا ذمہ دار کون ہے؟۔