• news

متحارب قوتیں تصادم کی سیاست سے گریز کریں: علمی، دینی شخصیات کی اپیل

لاہور (خصوصی نامہ نگار)  علمی ودینی شخصیات مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی، شیخ مولانا سلیم اللہ خان، مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر، مولانامحمد عبید اللہ، مولانا عبدالمجید، مولانا انوار الحق، مولانا حافظ فضل الرحیم، مولانا مفتی عبد الرحیم ، مولانا مفتی محمد جامعۃ الرشید ، مولانا محمد حنیف جالندھری نے مشترکہ بیان میں حکومتی ،سیاسی اور مذہبی قیادت سے ملک کی موجودہ نازک صورتحال کے پیش نظر اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیزکی موجودہ صورت حال ہر محب وطن پاکستانی کے لیے پریشان کن اور کربناک ہے۔ یوم آزادی پر خوشیوں اور مسرتوں کی بجائے پاکستان کے باشندے اس ملک کی بقاء اور سلامتی کے حوالے سے سخت اضطراب میں ہیں۔ اگرچہ ملکی سیاست میں علماء کرام کی ایک قابل قدر تعدادموجود ہے اور وہ خلوصِ دل سے موجودہ بحران کے خاتمہ کے لیے کوشاںبھی ہیں۔لیکن اس کے باوجود ہم اپنا قومی وملی فریضہ سمجھتے ہوئے پاکستان کی سیاسی ومذہبی قیادت سے اللہ اور رسولؐ کاواسطہ دے کر وطنِ عزیزکی سلامتی وبقاء کے لیے ذاتی وگروہی ترجیحات اورمخالفت برائے مخالفت کی سیاست سے بالاترہوکر قوم وملت کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کی کوشش کریں۔  اگر یہ ملک سلامت ہے تو جمہوریت اور سیاست بھی سلامت رہے گی ،جمہوریت رہے گی تو انتخابات بھی ہوتے رہیں گے اور سیاست دانوں کو اپنے لائحہ عمل کی تکمیل کے مواقع بھی ملتے رہیں گے۔تاہم پاکستان کی سلامتی اور بقا ء سب پر مقدم ہے۔ قوتیں مہم جوئی اور تصادم کی سیاست کا مظاہرہ کرنے کی بجائے حکمت ودانائی سے کام لیںاور قوم وملک کو موجودہ بحران سے نکال کراندرونی وبیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن