ہائیکورٹ نے گلو بٹ کی دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی
لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سانحہ ماڈل ٹائون میں گاڑیوں کے شیشے توڑنے والے شاہد عریز عرف گلو بٹ کی دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منطور کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید افتخار حسین شاہ اورجسٹس مس عالیہ نیلم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے گلو بٹ کی طرف سے ضمانت کی درخواست کی سماعت کی ۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل سید کاشف عباس نے موقف اختیار کیا کہ پولیس کی طرف سے دو ایف آئی آرز درج کی گئیں اور انکے اندراج کے وقت میں فرق ہے ۔ پولیس نے بد نیتی کے تحت دوسری ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات شامل کیں۔ انہوں نے مزید موقف اپنایا کہ ملزم کوئی سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم نہیں اور گاڑیوں کے شیشے توڑنا کے تحت درج مقدمہ قابل ضمانت ہے ۔ سماعت کے دوران جسٹس سید افتخار حسین شاہ نے تھانہ فیصل ٹائون کے تفتیشی افسر اعجاز رشید سے استفسار کیا کہ کیا پولیس نے جن مالکان کی گاڑیوںکے شیشے ٹوٹے ہیں انہیں شامل تفتیش کیا ہے جس پر پولیس کی طرف سے ناں میں جواب آنے پر عدالت نے دو لاکھ روپے کے مچلکوںکے عوض درخواست ضمانت منطور کر لی۔