آزادی کی قدر کرنی چاہئے اور ایسا کام نہیں کرنا چاہئے جو جگ ہنسائی کا باعث بنے: رفیق تارڑ
لاہور (خصوصی رپورٹر) ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے اور انجانے میں بھی کبھی کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہئے جو جگ ہنسائی کا باعث بنے یا جس کے باعث ہمارے قومی وقار اور آن پر کوئی حرف آئے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے ہمارے پاس نظریۂ پاکستان کی شکل میں ایک ایسا انتہائی طاقتور نظریہ ہے جس کی بنیاد پر برصغیر کے10کروڑ مسلمانوں نے 67سال قبل دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت قائم کر دکھائی تھی۔ میری پوری کوشش ہو گی کہ ڈاکٹر مجید نظامی کے مشن کو مزید آگے بڑھا سکوں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے نامور کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظم لاہور میں تقریبات آزادی کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی نشست کے دوران اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ اس نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے چیئرمین کرنل (ر) جمشید احمد ترین،کرنل (ر) اکرام اللہ خان، پروفیسر ڈاکٹر ایم اے صوفی، ٹرسٹ کے چیف کوآرڈینیٹر میاں فاروق الطاف، ایم اے شیدا ایڈووکیٹ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد، مزدور رہنما خورشید احمد، چوہدری ظفر اللہ، ڈاکٹر پروین خان، ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر فرزانہ نذیر، ممتاز کالم نگار اور دانشور اثر چوہان، مولانا محمد شفیع جوش، ڈائریکٹر پاکستان بیت المال پنجاب ظہیر احمد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کثیر تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ حافظ امجد علی نے تلاوت کلام پاک جبکہ الحاج اختر حسین قریشی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے انجام دیئے۔ محمد رفیق تارڑ نے کہا نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ایک قومی نظریاتی ادارہ اور پاکستانی قوم کی اُمیدوں اور آرزوئوں کا محور و مرکز ہے۔ ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم نے ایک طویل عرصے تک اس ادارے کے چیئرمین کے طور پر فرائض سرانجام دیئے۔ ان کے وصال کے بعد ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز نے یہ ذمہ داری میرے سپرد کر دی ہے۔ انہوں نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا، اس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔ میری پوری کوشش ہوگی کہ ڈاکٹر مجید نظامی کے اس ادارے اور ان کے مشن کو مزید آگے بڑھا سکوں۔ دور حاضر میں جس قوم کے پاس زیادہ مادی وسائل ہوں‘ اسے مضبوط اور طاقتور تصور کیا جاتا ہے تاہم ماضی کی طرح آج بھی اصل طاقت نظریات کو حاصل ہے۔ جو قوم جس قدر طاقتور نظریے کی حامل ہوگی، وہی غالب آکر رہے گا۔ پاکستان معرض وجود میں نہ آتا تو ہم ذات پات کے غیر انسانی اور غیر منصفانہ نظام پر یقین رکھنے والے متعصب ہندوئوں کے غلام ہوتے۔ بھارت میں موجود مسلمان اقلیت کے ساتھ جو امتیازی اور بہیمانہ سلوک روا رکھا جاتا ہے اور مسلم کش فسادات میں جس طرح انہیں تہہ تیغ کیا جاتا ہے، اسے سامنے رکھ کر آپ تصور کر سکتے ہیں قائداعظم کی قیادت میں ہمارے بزرگوں نے پاکستان حاصل نہ کیا ہوتا تو ہندو اکثریت کی حکمرانی میں ہم کتنی بدترین زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوتے۔ آج پاکستان کے حالات آپ کے سامنے ہیں۔ بعض طاقتیں انتشار پھیلا کر ملک کو کمزور اور جمہوریت کو منصۂ شہود سے غائب کرنا چاہتے ہیں، ہمیں ایسی طاقتوں سے ہوشیار رہنا اور ان کے راستے میں رکاوٹ بننا ہو گا تاکہ یہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ ہم پاکستان کو قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کا پاکستان بنانے کی اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا یہ ادارہ غلام حیدر وائیں جیسے مخلص پاکستانی نے قائم کیا اور ڈاکٹر مجید نظامی جیسے مخلص ترین پاکستانی نے اسے پروان چڑھایا۔ قیام پاکستان کے وقت ہم صفر تھے تاہم آج ایک ڈھانچہ تیار ہو چکا ہے۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے۔ ہماری آئیڈیالوجی زبردست ہے۔ نئی نسل تحریک پاکستان کا مطالعہ کرے۔ انقلاب لانے کیلئے ذہنوں کو بدلنا ہو گا۔ کرنل (ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین نے کہا قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان برصغیر نے یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے۔ انہوں نے ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا وہ تحریک پاکستان کے کارکنوں کے محسن تھے۔ ٹرسٹ کے چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف نے کہا موجودہ حالات کوئی نئی بات نہیں بلکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی ایسے حالات سے گزر چکے ہیں۔ ہماری قوم سمجھدار ہے انشاء اللہ یہ حالات ٹھیک ہو جائیں گے اور ہماری قوم اس میں سے کندن بن کر نکلے گی۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر مجید نظامی پاکستان کو ایک جدید اسلامی فلاحی جمہوری ملک دیکھنا چاہتے تھے ہم محمد رفیق تارڑ کی قیادت میں ان کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ کرنل (ر) اکرام اللہ خان نے کہا ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ نظریۂ پاکستان کی کامیابی اور قیام پاکستان کے بعد سے ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ تحریک پاکستان میں حمید نظامی اور ڈاکٹر مجید نظامی کا بڑا کردار ہے۔ یہ المیہ ہے آج ہمارے درمیان ڈاکٹر مجید نظامی موجود نہیں، وہ آج ہوتے تو موجودہ بحران سے نکلنے کیلئے کوئی نہ کوئی قابل عمل فارمولہ ضرور نکال لیتے۔ ہم ڈاکٹر مجید نظامی کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے محمد رفیق تارڑ کے شانہ بشانہ چلیں گے۔ ایم اے شیدا ایڈووکیٹ نے کہا ڈاکٹر مجید نظامی میرے کلاس فیلو تھے، تحریک پاکستان ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ جاری و ساری ہے اور ہم نے اسے منزل مقصود تک پہنچانا ہے۔ شاہد رشید نے کہا آج ہم انتہائی افسردہ ہیں ہمارے پیارے چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامی ہم میں موجود نہیں۔ جب بھی تحریک پاکستان، آزادیٔ صحافت، تحفظ ناموس رسالتؐ، جمہوریت اور استحکامِ پاکستان کا ذکر ہو گا تو ڈاکٹر مجید نظامی کا ذکر ضرور آئے گا۔ ڈاکٹر مجید نظامی اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، پاکستان تا قیامت قائم رہے گا اور ڈاکٹر مجید نظامی کی حیات وخدمات کا تذکرہ بھی ہوتا رہے گا۔ آج ہم اس سوگ کی کیفیت کو ایک نئے جذبے میں منتقل کرنا چاہتے ہیںاور اپنے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ڈاکٹر مجید نظامی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور اس کیلئے محمد رفیق تارڑ کی صورت میں ایک عاشق رسولؐ اور سچے پکے پاکستانی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور کارکنان تحریک پاکستان کی جانب سے قوم سے اپیل کی جاتی ہے وہ یکجہتی اور اتحاد کے ذریعے وطن دشمن قوتوں کو ناکام بنا دیں۔ یہی یوم آزادی کا پیغام اور ہمارے مستقبل کی نوید ہے۔ انہوں نے بتایا وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف آج کی تقریب میں اپنی مصروفیات کے باعث تشریف نہیں لا سکے۔ انہوں نے معذرت کی ہے اور جلد ہی تحریک پاکستان کے کارکنوں سے ملنے کیلئے یہاں آنے کا وعدہ کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان بیت المال کی جانب سے ڈائریکٹر پاکستان بیت المال پنجاب ظہیر احمد نے مستحق کارکنان تحریک پاکستان میں پچاس ہزار روپے فی کس اور تحائف تقسیم کئے۔ اس موقع پر شاہد رشید نے ایم ڈی پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ اور ڈائریکٹر پنجاب ظہیر احمد کا بطور خاص شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے آخر میں مولانا محمد شفیع جوش نے ڈاکٹر مجید نظامی کے ایصال ثواب اور ملکی تعمیر و استحکام کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ قبل ازیں ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ نے کارکنان تحریک پاکستان و دیگر معززین کے ہمراہ مادر ملت پارک میں موجود یادگار شہدائے تحریک پاکستان پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ، تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ، تحریک تکمیل پاکستان، بزم اقبال، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن، پاکستان مسلم لیگ (ن) ڈاکٹرز ونگ، لاہور ویلفیئر فائونڈیشن، تنظیم خدمت خلق شہریان لاہور، پی ایچ اے، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل یونین‘ مادر ملت ایجوکیشن فائونڈیشن اور فرزندان پاکستان کی جانب سے یادگار شہدائے تحریک پاکستان پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔