مارچ کو روکا جائے یا متبادل جگہ دی جائے تاجروں کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں رٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) عمران خان اور طاہر القادری کے آزادی اور انقلاب مارچ کو روکنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کی جانب سے دائر درخواست میں طاہر القادری، عمران خان اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے، عمران خان اور طاہر القادری کے لانگ مارچ سے اسلام آبا دمیں شہری و کاروباری زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں اور امن و امان کی صورتحال بھی مخدوش ہے لہٰذا فاضل عدالت معاملے کا نوٹس لیکر مذکورہ دونوں جماعتوں کو لانگ مارچ سے روکنے کے احکامات جاری کرے اور وزارت داخلہ کو اس ضمن میں خصوصی اقدامات جاری کرنے کا حکم بھی صادر کرے۔ سینئر قانون دان اکرام چودھری کے ذریعے دائر درخواست کی فوری سماعت کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ رجسٹرار آفس نے بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ محمد انور خان کاسی کو بھجوا دیا ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے احتجاج کیلئے شہر سے باہر جگہ دی جائے اور احتجاج سے روزمرہ کی زندگی متاثر نہیں ہونی چاہئے۔