گیس پائپ لائن منصوبہ زندہ ہے، ڈیڈ لائن میں توسیع ہوسکتی ہے: ایرانی وزیر پٹرولیم
تہران (آئی این پی) ایران کے وزیر پٹرولیم بیحان نمدار زنگانے نے کہا ہے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ مردہ نہیں ہوا بلکہ زندہ ہے، پائپ لائن کی تعمیر کیلئے ڈیڈ لائن میں توسیع کی جاسکتی ہے، پاکستان نے 2سال کیلئے توسیع کی درخواست کی ہے جس پر غور جاری ہے، دونوں اطراف سے مذاکرات کی ضرورت ہے۔ یہاں اقتصادی فورم کی سائیڈ لائن پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایران کی گیس برآمد کرنے کی پالیسی پڑوسی ممالک پاکستان، ترکی، افغانستان اور عراق کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان نے گیس پائپ لائن کی تعمیر کے حوالے سے دوسری ڈیڈ لائن میں 2سال کی توسیع کی درخواست کی ہے، ہم نے ان کا یہ مطالبہ مسترد کیا تاہم یقیناً اس پر دونوں اطراف سے قانونی مذاکرات کی ضرورت ہے۔