قادری آئین توڑنا چاہتے ہیں‘ ڈرامے کا ڈراپ سین جلد ہو گا: رانا مشہود
لاہور (ثناء نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیرقانون رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ شعبدہ باز مولوی کے ڈرامے کا ڈراپ سین جلد ہو گا۔ مولانا سے قانون کے مطابق نمٹا جائیگا۔ نام نہاد انقلاب کا داعی خواتین اور بچوں کو یرغمال بنا کر ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ مولانا کی تمام تر سیاست کا محور انتشار‘ انارکی اور خودنمائی ہے جس کے لئے وہ مریدین کو تشدد پر اکسا رہے ہیں۔ عوام کی مشکلات کی ذمہ دار تحریک انصاف اور عوامی تحریک ہیں۔ مطالبات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ حکومت مذاکرات کی باربار دعوت دے چکی ہے۔ طاہرالقادری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا کی سیاسی طاقت ان کے چند ہزار مرید اور تعلیمی اداروں کے ملازمین ہیں۔ عمران خان کا طاہرالقادری جیسے شخص کو ساتھ ملانا حیران کن امر ہے۔ بیانات سے مکر کر مولانا نے جھوٹ بولنے کا اعزاز برقرار رکھا۔ کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی کمی کا پراپیگنڈہ محض ٹوپی ڈرامہ ہے۔ طاہر القادری آئین توڑنا چاہتے ہیں۔ ملک کے حالات بگاڑنا عالمی سازش ہے۔ مصر‘ اردن‘ لیبیا‘ شام اور دیگر مسلم ممالک میں بھی تبدیلی کا نعرہ لگایا گیا۔ عوام نے ووٹ نہیں دیا تو کیا عمران انہیں ملک بدر کر دینگے۔