’’تحریک انصاف، دیگر جماعتوں کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ بند کرائیں‘‘ محمود الرشید کا آئی جی کو خط
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے آئی جی پنجاب کو لکھے گئے خط میں تحریک انصاف کے کارکنوں سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ فوری بند کرانے مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ آئین پرامن احتجاج اور دھرنے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے چیمبر میں خط کی تفصیلات سے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسر پولیس آرڈر 2002 اور آئین کے آرٹیکل15 اور 16 کی کھلے عام خلاف ورزی کر رہے ہیں، آئی جی پنجاب ڈسٹرکٹ پولیس افسران کے غیر قانونی چھاپوں، گرفتاریوں اور سینکڑوں کارکنوں اور عام شہریوں کو حبس بے جا میں رکھنے کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ایما پر پولیس سیاسی انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہو چکی ہے جس سے اس کے ایک غیر جانبدار فورس ہونے کے قانونی کردار پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں اور پولیس کے اس رویے کے باعث شہری اپنے جان و مال کے تحفظ اور آزادی اظہار کے حق کے حوالے سے خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا پوری قوم دیکھ رہی ہے پولیس افسران اور اہلکاروں نے راستے بند کررکھے ہیں اور ان کی آنکھوں کے سامنے ایمبولینس میں مریض بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث دم توڑ رہے ہیں اور شہریوں کو روزانہ کے معمولات انجام دینے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے، پولیس افسر اور اہلکار ان کی مدد کی بجائے ان سے غیر انسانی سلوک کر رہے ہیں۔