• news

کوئٹہ: بم دھماکہ، بارودی سرنگ پھٹنے سے3بچوں سمیت 26 افراد زخمی

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)کوئٹہ میں دکان کے باہر نصب بم دھماکے کے نتیجے میں ٹریفک پولیس اہلکار،3بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی رات کوئٹہ کے علاقے پرنس روڈ پر نامعلوم افراد نے جھنڈے فروخت کرنے والی ایک دکان کے باہر ٹائم بم نصب کر رکھا تھا جو زورداردھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 20افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتا ل کوئٹہ اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے سے دکان کو بھی شدید نقصان پہنچادھماکہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنائی دی اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ منگل کی رات زیارت میں نامعلوم افراد نے تین راکٹ فائر کئے جو مختلف علاقوں میں گر کردھماکوں سے پھٹ گئے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے جانو پیڑی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے امن فورس کے 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔ نامعلوم افراد نے بارودی سرنگ نصب کی ہوئی تھی جو زور دار دھماکے سے پھٹ گئی جس سے امن فورس کے 6 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن