اسلام آباد انتظامیہ نے عمران سے پروگرام پوچھا، جواب کا انتظار ہے: پرویز رشید
اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے آزادی مارچ کے حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ نے خط کے ذریعے عمران خان سے رابطہ کیا، گیند عمران خان کے کورٹ میں ہے، جواب کا انتظار کر رہے ہیں، نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر اطلاعات نے کہا اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے چیئرمین تحریک انصاف سے پوچھا ہے بتایا جائے وہ اسلام آباد کب اور کس جگہ کیلئے آرہے ہیں ، خط میں عمران خان سے انکا پروگرام پوچھا گیا ہے، اجازت کے حوالے سے ابھی ہاں یا نہ میں جواب دینا مشکل ہے۔ آن لائن کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا وزیراعظم نوازشریف عمران خان کے تمام تحفظات دور کرنے پر تیار ہوگئے ہیں‘ عمران خان کے پاس پارلیمنٹ میں تیسری بڑی قوت ہے جبکہ طاہرالقادری ملک میں خون خرابہ‘ تشدد اور نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں‘ انہیں کسی اچھے ماہر نفسیات سے اپنا معائنہ کرانا چاہئے‘ آصف زرداری پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگاتے تو خدانخواستہ پاکستان تقسیم ہوجاتا۔ انہوں نے کہاچھلاوے کی طرح اپنے ہی بیانات بدلنا قادری کی فطرت کا حصہ بن گیا ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا وزیراعظم نے مسئلے کے حل کی تجویز دیدی لیکن عمران کے مطالبات بدلتے رہتے ہیں۔ عمران خان یوٹرن لینے کے عادی ہیں، لوگ آکسفورڈ کے تعلیم یافتہ عمران کے سیاسی ویژن پر حیران ہیں۔ عمران کا خفیہ ایجنڈا ہے، پورے نظام کو لپیٹنا چاہتے ہیں۔ عمران سب کے ہاتھ پائوں باندھ کر مرضی کا الیکشن چاہتے ہیں، انکے چار حلقوں کے مطالبات میں سے ایک حلقہ ہمارا نہیں، عمران کے قتل وغارتگری کی دھمکی دی تو ایک راستہ تجویز کیا۔ ماضی میں عمران ایک آمر سے متاثر ہوئے۔