قصور میں غربت اور تنگدستی سے تنگ آکر دو بچوں کی ماں نے زندگی ختم کرلی
قصور+ لاہور (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگاران)کوٹ مولوی عبدالقادر میں تنگدستی سے دلبرداشتہ دو بچوں کی ماں نے خود کشی کر لی۔ ثوبیہ بی بی کی شادی چند سال قبل سلامت علی سے ہوئی جس میں سے دو بچے ہیں تاہم ثوبیہ بی بی کا خرچے کی کمی کی وجہ سے اکثر اپنے خاوند سلامت علی سے جھگڑا رہتا تھا جس پر گزشتہ روز اس نے لڑائی کے بعد گندم میںرکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔پولیس تھانہ بی ڈویژن نے ضابطے کی کاروائی مکمل کر لی ہے۔علاوہ ازیں نارووال چک امرو کے گائوں موضع سیکھوال سلہریاں کے محمد حسین نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں کھالیں جس سے اس کی حالت انتہائی غیر ہوگئی جس کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال نارووال لایا گیاجہاں وہ کئی گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔ فقیر والی میں گھریلو ناچاقی یا کچھ اور دو شادی شدہ خواتین نے نہر میں کود کر خود کشی کی کوشش کی ایک کو زندہ بچا لیا جبکہ دوسری جاں بحق ہو گئی۔ ساہیوال کے نواحی گائوں میں (ج) نامی لڑکی نے پسند کی شادی نہ ہونے پر خود کشی کر لی۔