سمندری : موبائل چوری کا الزام، محنت کش پر وحشیانہ تشدد، وزیراعلیٰ کا نوٹس
سمندری+ لاہور (نامہ نگار+خصوصی رپورٹر) موبائل چوری کے الزام میں دس افراد کا ایک محنت کش پر وحشیانہ تشدد کی رپورٹ میڈیا پر چلنے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا نو ٹس، پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔ مقدمہ درج کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قاسم روڈ سے محمد یاسین نامی شخص کا مو بائل چوری ہوگیا۔ شک ہونے پر محمد یاسین محمد طارق ،سفیان ،ملک عثمان تو توقیر زرگر محمد امین حاجی شوکت اور تین ناامعلوم افراد نے اسی محلہ کے ایک شخص ملک محمد ریاض کو تین پلیا کے قریب میاں طارق کے پولٹری فارم پر لے جا کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کی خبر میڈیا پر نشر ہوئی تو وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اسکا نو ٹس لیتے ہوئے ار پی او فیصل آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی جس سے پو لیس تھانہ سٹی سمندری کی دوڑیں لگ گئیں۔ پولیس نے ملک محمد ریاض کی بھائی ملک محمد ارشاد کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 365ت پ مقدمہ درج کر کے تین ملزمان میاں طارق حاجی شوکت اور محمد امین کو گرفتار کر لیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ مقدمہ مدعی کے مطابق ملزمان نے اس کے بھائی پر وحشیانہ تشدد کیا ہے جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی ہے جس پر ملزمان نے ملک محمد ریاض کو غائب کر دیا ہے۔