• news

ماہ آزادی… پاکستان سے عشق اک جنوں

ہم ایک بار پھر یوم آزادی منانے جا رہے ہیں۔ یہ پاکستان کا68 واں یوم آزادی ہوگا۔ یہ وہ دن ہے جب 1947ء میں تحریک آزادی میں شامل ہمارے قومی رہنماؤں اوراسلاف کی قربانیوں کے نتیجے میں برطانوی سامراج سے آزاد ہوکر اسلامی جمہوریہ پاکستان معرض وجود میں آیا۔ اگرچہ روایتی انداز میں یوم آزادی ہر سال صرف 14اگست کو ہی سرکاری و قومی سطح پر شایان شان طریقے سے منایا جاتاہے۔ تاہم اس بار نہ صرف پورے پنجاب بلکہ ملک بھر میں بھی وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلٰی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر ’’ماہ آزادی‘‘کی تقریبات ایک نئے جذبے اور جوش و ولولے سے منائی جارہی ہے۔ مسلم لیگ کو پاکستان کی خالق جماعت ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اسی مسلم لیگ نے برصغیر کو قائداعظم محمد علی جناح‘ علامہ اقبال‘ نواب بہادر یار جنگ‘ خواجہ ناظم الدین‘ شیر بنگال‘ مولوی فضل الحق اور لیاقت علی خان جیسے عظیم رہنما دئیے جن کی محنت شاقہ اورجہد مسلسل کے نتیجہ میں آج ہم ایک آزاد وطن میں سکھ کا سانس لے رہے ہیں۔ آج یوم آزادی کی اہمیت‘ اسلاف کی قربانیوں اور ان کے پیغام کو بھر پور اندازمیں اجاگر کرنے اور ہرمکتبہ ہائے فکر خاص طور پر نوجوانوں تک پہنچانے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ آج مملکت خدا داد پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اسے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ افواج پاکستان شمالی وزیرستان میں ملکی معیشت اورقومی اثاثوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کو شدید نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں سے برسرپیکار ہیں۔ ملک کو توانائی کے بحران کا بھی سامنا ہے۔ پاکستان جسے جمہوریت کے نام پرحاصل کیاگیا تھا آج اس جمہوریت کی بساط لپیٹنے کیلئے بعض قوتیں غیر ملکی ایجنڈے پر یکجا ہیں اورپاکستان کی بقا اور سلامتی کے درپے ہیں۔ ان تمام حالات کے تناظر میں ضرورت اس امر کی ہے کہ جمہوریت کے استحکام‘ جدوجہد آزادی اورقیام پاکستان کے اصل مقصدکواجاگرکرنے‘ اتحاد و یگانگت برقرار رکھنے کیلئے آزادی کی تقریبات اس کی روح اورفکرکے مطابق ملک بھر میںمنائی جائیں تاکہ ملک دشمن قوتوں تک یہ پیغام پہنچے کہ پاکستانی قوم بیدار ہے اورپاکستان کی خوشحالی اورمسائل کے خاتمے کیلئے سنجیدگی سے کوششیں کرنے میں حکومت کے ساتھ متفق اوردشمن کے عزائم خاک میں ملانے کیلئے سیسہ پلائی دیوار ہے۔ اسی مقصدکے پیش نظر موجودہ حکومت نے صوبہ پنجاب میں امسال یوم آزادی کے موقع پر 14اگست کو ’ْ’ماہ آزادی‘‘ کے طور پر بھرپورطریقے سے منانے کیلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جس کے تحت صوبہ بھر میں ماہ آزادی کی تقریبات یکم اگست سے شروع ہو کر30 اگست تک بھرپور اندازمیں جاری ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ تمام مکتبہ ہائے فکر کے لوگ تقریبات آزادی میں بھر پور حصہ لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن