• news

یوم آزادی پاکستان کے تقاضے

آج پاکستان کے 18کروڑ عوام 67 ویں یوم آزادی منا رہے ہیں۔ اس موقعہ پر آزادی پاکستان اور دفاع پاکستان کے شہداء اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور انکے رفقاء مجید نظامی مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر محمد اقبال کے فرمودات کے مطابق پاکستان کو اسلامی فلاحی جمہوری مملکت بنا کر دم لیں گے۔
اس مقصد کے حصول کیلئے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق 1940 میں اعلان کردہ مسلم لیگ کے اجلاس میں جاگیر داری کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ آزادی پاکستان کی تکمیل کیلئے جمہوری اداروں کو تقویت دیتے ہوئے تمام بچوں کو با مقصد مفت تعلیم کے مساوی مواقع کرنے ہونگے جبکہ اس وقت 51% بچے والدین کی غربت کی وجہ سے پرائمری سے آگے تعلیم حاصل نہیں کرتے۔ ملک میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں کے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر، قومی اقتصادی خود کفالت کی پالیسی، اختیار کرنی ہوگی اور اس کو وسعت دینا ہوگا۔  ملک کے حکمرانوں، سیاستدانوں اور پالیسی سازوں کو قائداعظم محمد علی جناح کے کردار اور نقش قدم پر چل کر ان کی تعلیمات پر عمل کر کے اپنے عیش و آرام کی زندگی ترک کر کے بانی پاکستان کی طرح اپنی جائیداد قوم کی ترقی کیلئے وقف کرنا ہوگی تاکہ ملک کے غریب عوام کا اعتماد بحال ہوسکے۔ بطور سربراہ مملکت صرف ایک روپیہ تنخواہ حاصل کرتے رہے۔ ملک میں دولت کی نمود نمائش اور عیش و عشرت کا کلچر ختم کر کے جناب رسول پاکؐ کی طرح سادگی پر پابند ہو نا ہوگا اور محنت کرنے والوں کو کمتر سمجھنے کی بجائے انہیں خدا کے حبیب کا درجہ دینا ہوگا۔
 ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، بے پناہ اونچ نیچ کے خاتمہ اور جہالت، لوڈشیڈنگ کے خلاف جہاد کو کامیاب کرنا ہوگا کمسن بچوں سے محنت و مزدوری اور خواتین کے ساتھ امتیاری سلوک کی لعنتوں کو ختم کیا جائے اور غریب عوام کوظلم و ناانصافی سے مستثناً کر کے فوری انصاف کا نظام نافذ کرنا ہوگا۔ قومی مفاد عامہ کے اداروں کو سرمایہ داروں کے حوالے کرنے کی بجائے انکی شفاف انتظامیہ سے کار کردگی بہتر کرنا ہوگی۔ ہمیں یوم آزادی کے موقعہ پر ہماری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ شہداء آزادی، قائداعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور ان رفقاء بمعہ مجید نظامی اور دفاع پاکستان میں شہیدوں کو جوار رحمت میں جگہ دے اور ہمیں اپنے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے نیک مشن میں کامیاب فرمائے۔ آمین

ای پیپر-دی نیشن