• news

وزیراعظم آج بنوں میں آئی ڈی پیز اور فوجی جوانوں کیساتھ جشن آزادی منائیں گے زیارت ریذیڈنسی کا افتتاح کریں گے

بنوں+اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم نواز شریف (آج)  جمعرات کو   بنوں میں آئی ڈی پیز اور فوجی جوانوں کیساتھ جشن آ زادی منا ئیںگے جہا ں وہ آئی ڈی پیز کیمپ میں متاثرین کے ہمراہ پرچم کشائی   بھی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزاد ی کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ یوم آزادی پاک فوج اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کیساتھ منائیں گے اور ان کیساتھ آج کا دن گزاریں گے جبکہ اس موقع پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی اور وزیراعظم نواز شریف آئی ڈی پیز کیمپ میں پرچم کشائی کریں گے تاکہ ملک و قوم کو یہ پیغام دیاجاسکے کہ حکومت اور فوج کے درمیان کوئی خلیج نہیں اور حکومت کو شمالی وزیرستان کے متاثرین کا قوم کیلئے گھروں کوچھوڑنے کی قربانی کا احساس ہے۔دریں اثناوزیراعظم نوازشریف  آ ج  زیارت میں  14اگست کواصل حالت میں بحال کردہ قائد ریذیڈنسی کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پرزیارت ریذیڈنسی کواصل شکل میں بحال کردیا گیا ہے، عمارت کی بحالی میں 15 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ  زیارت ریذیڈنسی کے افتتاح پرتمام قومی اورصوبائی قیادت وزیراعظم کے ہمراہ ہوگی۔واضح رہے کہ گذشتہ برس جون میں ملک دشمن عناصر نے زیارت میں واقع قائد اعظمؒ ریذیڈنسی پر 5 راکٹ فائر کئے جس کے نتیجے میں قائد اعظم کی رہائش گاہ اور اس میں رکھا قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا جب کہ حملہ آوروں نے مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ کو بھی شہیدکر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن