ایرانی نژاد مریم مرزا خانی ریاضی کا اعلیٰ ترین اعزاز فیلڈز میڈل جیتنے والی پہلی خاتون بن گئیں
لندن (بی بی سی اردو) ایرانی نژاد ریاضی دان مریم مرزا خانی ریاضی کے میدان میں دیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز فیلڈز میڈل جیتنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ پروفیسر مریم مرزاخانی کو ان کی پیچیدہ جیومیٹری کے لئے اس اعزاز سے نوازا گیا۔ مرزاخانی کو یہ اعزاز سیول میں ریاضی دانوں کی بین الاقوامی کانگریس میں دیا گیا۔ ریاضی کی بین الاقوامی کانگریس ہر چار سال بعد منعقد کی جاتی ہے اور اس میں چار میڈل دیئے جاتے ہیں۔ اس بار اس کے فاتحین میں برطانیہ کی وارک یونیورسٹی کے پروفیسر مارٹن ہیئرز بھی ہیں۔ واضح رہے کہ ریاضی کے شعبے میں فیلڈز میڈلز کو نوبل انعام کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ فاتحین کو میڈلز کے ساتھ 15 ہزار کینیڈین ڈالر کی رقم بھی انعام میں دی جاتی ہے۔ دوسرے دو فاتحین میں برازیل کے ریاضی دان آرتھر اویلا ہیں۔ چوتھے انعام کے مستحق منجل بھارگو ہیں۔