سب اکٹھے آن روڈ ہونگے، لانگ مارچ وزیراعظم کو گھر بھیج کر ہی ختم ہوگا: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ وزیراعظم کو گھر بھیج کر ہی ختم ہو گا، آج 14اگست کو سب آن روڈ ہوں گے اور حکومت کی تمام غیر قانونی رکاوٹوں اور ہتھکنڈوں کو ناکام بناتے ہوئے اسلام آباد پہنچ کر حکومت کے خاتمے تک وہیں رہیں گے۔ اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنمائوں و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ق لیگ مارچ میں بھرپور حصہ لے رہی ہے، ہر مقام پر ہمارے کارکن نمایاں ہوں گے، ق لیگ، تحریک انصاف، عوامی تحریک، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے اتحاد سے حکمران گھبراہٹ، بوکھلاہٹ اور مایوسی کا شکار ہیں، ظلم اور دھاندلی کے اندھیرے اب ختم ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن میں لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی تک بند ہے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ حکمرانوں نے پہلے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی اب عدلیہ کے احکامات کی توہین کر رہے ہیں، گرفتاریاں بند کرنے اور کنٹینر ہٹانے کے حکم پر عمل نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اور آزادی کیلئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے میڈیا پر نواز شریف کی تنقید کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں میڈیا کے بارے میں بھی اپنے رویہ اور سوچ پر نظر ثانی کرنی چاہئے، یہ سب کو اتفاق فائونڈی کا ذاتی ملازم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں کی طرح گجرات میں بھی کریک ڈائون شروع ہے مگر ہمارے اور دیگر اتحادی جماعتوں کے کارکنوں کی جتنی پکڑ دھکڑ کر لیں مارچ ضرور ہو گا۔