قوم ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے کردار ادا کرنے کا عہد کرے : آئی جی موٹروے
لاہور( سٹاف رپورٹر+نامہ نگار) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ذوالفقار احمد چیمہ نے یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ہر فرد کو یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم وطن عزیز پاکستان کے امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ حکومتیں آتی جاتی رہیں گی مگر سول سرونٹس ہمیشہ غیر جانبدار رہیں اور ان کی وفاداری صرف ریاست اور اس کے قوانین اور آئین کے ساتھ ہونی چاہیے ‘‘ ۔ لہٰذا قائد اعظم ایک ایسی سول سروس چاہتے تھے جو ایماندار ہو اور غیر جانبدار ہو جو ذاتی مفاد ، لالچ اور ہوس سے بالا تر ہو کر منصفانہ فیصلے کر سکے میں آج یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں سرکاری افسران کو یہی کہوں گا کہ ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں ۔ دریں اثنا یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو سنٹرل کے زونل کمانڈر ڈی آئی جی بشیر احمد میمن ، سیکٹر کمانڈر ایس ایس پی محمد انکسار خان اور بیٹ ایریا کے پٹرولنگ افسران نے ایک قافلے کی شکل میں لاہور ٹھوکر نیاز بیگ سے مانگا منڈی تک پٹرولنگ گاڑیوں اور قومی پرچم کے ساتھ فلیگ مارچ کیا۔