ڈاکوں میں 52 لاکھ کے مال کا صفایا، شیخوپورہ میں قلفی فروش، شاہکوٹ میں تاجر قتل
لاہور+ شاہکوٹ+ شیخوپورہ (نامہ نگاران+ نامہ نگار خصوصی) صوبائی دارالحکومت اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں نے مختلف وارداتوں کے دوران کئی شہریوں سے 52 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے تاجر اور قلفی فروش کو قتل کر دیا، دو افراد کو زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ کوٹ کے بس سٹینڈ پر گزشتہ رات دو ڈاکو آٹو پارٹس کی دکان میں گھس آئے اور مزاحمت پر تاجر ریاض کو گولیاں مارکر قتل کر دیا، لوگوں نے فرار ہونیوالے ایک ڈاکو فیصل کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ ادھر شیخوپورہ کے محلہ قادر آباد میں سارا دن روزی کماکر گھر جانے والے قلفی فروش الیاس کو زبانی احتجاج پر گولیاں مارکر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت کے علاقے جوہرٹاؤن کے علاقہ جی ون مارکیٹ میں دو موٹر سائیکل پر سوار چھ ڈاکوؤں نے اعظم علی اور اسکے بیٹے محمد رفیق کی جیولری کی دو دکانوں میں گھس کر 25 لاکھ روپے مالیت کے 50 تولے طلائی زیورات لوٹنے کے بعد اعظم علی کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا اور فرارہو گئے۔گلبرگ کے علاقہ فردوس مارکیٹ میں تین ڈاکوئوں نے موٹر سائیکل سوار اعجاز بلال سے ہزاروں روپے نقدی لوٹنے کے بعد مزاحمت کرنے پراسے فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ زخمی اعجاز بلال کی ہسپتال میں حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ڈاکوؤں نے ٹائون شپ میںجاوید کی فارمیسی میںگھس کر اسلحہ کے زور پر 5 لاکھ 25 ہزار روپے، نواب ٹائون میں ماجد سے 8 لاکھ روپے مالیت کی کار ،وحدت کالونی میں شہناز سے 2 لاکھ روپے مالیت کی نقدی و زیورات،سبزہ زار میں ارشد کی بیو ی سے 2 لاکھ روپے مالیت ، غالب مارکیٹ میں حسن سے 1لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی نقدی و پرائز بانڈز ، ستو کتلہ میں عرفان سے 50 ہزار روپے و موبائل ،غازی آباد میں ظہیر کی بیوی سے 80 ہزار روپے مالیت کے زیورات ،سبزہ زار میں ذیشان سے 30 ہزار روپے اورموٹر سائیکل ،نشتر کالونی میں جمشید سے 70 ہزار روپے اور موٹر سائیکل لوٹ لی جبکہ مصری شاہ سے نثار، شاد مان سے عدنان ،گلبرگ سے عدنان، اچھرہ سے وحید کی گاڑیاں جبکہ گلبرگ سے قاصم، ستو کتلہ سے ناصر، نشتر کالونی سے عمران ،ساندہ سے شوکت، گلشن راوی سے احمد ،سبزہ زار سے جمشید ،جوہر ٹائون سے عدنان، فیکٹری ایریا سے شاہد، شالیمار سے عاقب، شاہدرہ سے علی اور اعظم کی موٹر سائیکلیں چوری کر گئیں۔