پاکستان دہشت گرد گروپوں سے نمٹنے کیلئے محدود سوچ رکھتا ہے، بھارت کی ہرزہ سرائی
نئی دہلی (آئی این پی) بھارت نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گرد گروپوں سے نمٹنے کیلئے محدود سوچ رکھتا ہے، نتیجہ خیز مذاکرات کے لئے دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول کی ضرورت ہے، پاکستان کی سرزمین پر موجود دہشت گرد تنظیمیں اور ان کے کیمپ خود پاکستان کی اندرونی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں، بھارت پاکستان کے ساتھ پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، تمام تصفیہ طلب مسائل پرامن اور دوطرفہ مذاکرات کے عمل کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ پاکستان میں ابھی تک دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ موجود ہیں۔ سالانہ رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ دسمبر میں دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں پاکستان نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ لائن آف کنٹرول پر امن و سکون اور سیز فائر کو یقینی بنائے گا تاہم پاکستان بھارت سرحد اور ایل او سی پر دہشت گردی کے کیمپوں کی موجودگی مسلسل در اندازی اور فائرنگ کے واقعات اس سلسلے میں پیش آنے والے چیلنجز کو ظاہر کرتا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر موجود ہے، پاکستان کی پراکسی وار میں حمایت کی صورتحال برقرار ہے۔