68واں یوم آزادی زبردست جوش و جذبے سے منایا گیا، ملک بھر میں تقریبات
اسلام آباد/ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی رپورٹر) پاکستان کا 68واں یوم آزادی زبردست جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ایوان صدر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اسلام آباد کو سیل کئے جانے کے باعث سناٹے کی کیفیت طاری رہی۔ دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہائوس اور اس کے اطراف دیگر عمارتوں سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری اور دیگر اہم عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ مساجد میں ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ یوم آزادی کے موقع پر قوم میں زبردست جوش و خروش پایا گیا، شہر شہر ملی نغمے اور قومی ترانے گونجتے رہے، یوم آزادی پر ملک بھر میں عام تعطیل رہی، تحریک آزادی پاکستان کے شہدا کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جشن آزادی کے سلسلے میں چاروں صوبائی دارالحکومتوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا سمیت ملک بھر میں تقریبات منعقد ہوئیں۔ لاہور میں صبح سات بجے مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی گریژن کمانڈر میجر جنرل عامر عباسی تھے۔ مزار اقبال پر رینجرز کے دستے کی جگہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے لی۔ اس موقع پر بینڈ قومی ترانے کی دھنیں بجاتا رہا۔ مزار اقبال پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے جسٹس رفیق تارڑ، شاہد رشید، میاں فاروق الطاف نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ دن کا آغاز ملکی ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ اہل پاکستان اللہ کے حضور سر بسجود ہوکر ارض پاک کی سلامتی اور تحفظ کیلئے گڑگڑاتے رہے، کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاک بحریہ کے دستے نے اپنے فرائض سنبھالے۔ ملک بھر میں تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں سڑکوں اور شاہراہوں کو روشنیوں، قومی پرچموں ، قومی رہنمائوں کی تصاویر، بینرز اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا۔ این این آئی کے مطابق پاکستان ائرفورس نے بھی یوم آزادی قوم کے شانہ بشانہ روایتی جوش و جذبہ سے منایا۔ اے پی پی کے مطابق وطن عزیز کے 68ویں یوم ِ آزادی کے سلسلہ میں پنجاب اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے پرچم کشائی کی۔ پرچم کشائی کی تقریب میں ارکان اسمبلی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات سمیت اسمبلی سٹاف نے بھی شرکت کی۔