مارچ کے شرکاء الیکشن کمشن کے استعفے بلدیاتی الیکشن کی خوشخبریاں لے کر واپس جائینگے: ذرائع کا دعویٰ
اسلام آباد (ثناء نیوز) آزادی اور انقلاب مارچ کے شرکاء الیکشن کمشن کے استعفے اور بلدیاتی انتخابات کی 2 خوشخبریاں لے کر واپس جائیں گے۔ الیکشن کمشن کے ارکان کو استعفوں پر راضی کرنے کے لئے بالواسطہ رابطوں کا آغاز ہو گیا۔ باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلاب مارچ کے شرکاء ایک دن کے لئے دھرنا بھی دیں گے۔ گارنٹرز کے ساتھ یہ بات طے کی گئی ہے کہ مارچ کے شرکاء کچھ نہ کچھ خوشخبری لے کر ہی جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کے مستعفی ہونے کے حوالے سے معاملات بھی طے پا گئے ہیں۔ الیکشن کمشن کے اراکین کو بالواسطہ طور پر استعفوں پر راضی کرنے کے لئے کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اس مارچ کے ذریعے شاید بلدیاتی انتخابات کا وعدہ لینے میں بھی کامیاب ہوں گے۔ اس طرح عمران کا کارکنوں میں بھرم بھی رہ جائے گا۔