• news

طاہر القادری اپنا مارچ پرامن رکھیں، زیرو پوائنٹ سے ہرگز آگے نہ جائیں: الطاف حسین

کراچی (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے علامہ طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا مارچ پْرامن رکھیں، اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ سے ہرگز ہرگز آگے نہ جائیں اور کسی بھی قیمت پر ریڈ زون میں داخل نہ ہوں۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ گورنر پنجاب، گورنر سندھ اور وفاقی کابینہ کے بعض ارکان کے ساتھ ماڈل ٹاؤن لاہور میں رکاوٹوں کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی اور ان کاوشوں کے نتیجے میں وفاقی و پنجاب حکومت نے علامہ طاہر القادری کو پْرامن لانگ مارچ کی اجازت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے یقیناً اس معاملے میں وسعت قلبی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا، اب ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے رفقاء کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تمام لوگوں کی لاج رکھیں، جنہوں نے اس معاملے کو مفاہمت سے حل کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق قائد الطاف حسین نے کہا کہ ملکی حالات کے باعث دو دن سے نہ کچھ کھایا، نہ ہی سویا، خواہش تھی کہ لوگ یوم آزادی کو جشن آزادی منائیں، شمالی وزیرستان میں پاکستان کے مستقبل کی جنگ لڑی جارہی ہے، یہ یکجہتی کا وقت ہے، طاہرالقادری سے کہا تھا کہ ملکی سیاست کو انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔ نجی ٹی وی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے  الطاف حسین نے کہا کہ تمام اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن