• news

شہر میں کئی ڈاکے‘ گوجرانوالہ میں کانسٹیبل قتل‘ فیروز والا میں 2 نوجوان زخمی

لاہور، فیروزوالا، گوجرانوالہ(نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے ساندہ کے علاقہ میں حکیم علی کے گھرگھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر10 لاکھ روپے، مغلپورہ کے رہائشی عمران کے گھر سے 6 لاکھ روپے،ہربنس پورہ گوالہ کالونی کے رہائشی رفیق کے گھر سے 5 لاکھ روپے، ڈیفنس اے میں منظور کے گھر سے 4 لاکھ  روپے نقد، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے باغبانپورہ میںدرس بڑے میاں کے قریب بسم اللہ الیکٹرک سٹور میں گھس کر2 لاکھ روپے، ہنجروال کے علاقہ میں رائیونڈ روڈ پر عبدالرشید سے 98ہزار روپے اور موبائل فون، ساندہ کے علاقہ میں گندا انجن کے قریب واحد کی دکان سے 86ہزار روپے اور موبائل فون، ساندہ مین روڈ شادی ہال کے قریب عمران سے67ہزارروپے اور موبائل فون ،اقبال ٹائون نیلم بلاک میں آصف سے54ہزار روپے اور موبائل فون،شفیق آباد کے علاقہ مالی پورہ بند روڈ پر زاہد سے 43ہزار روپے اور موبائل فون جبکہ گنجوں والی گھاٹی کے عقب میں زاہد سے ہزاروں روپے اورموبائل فون،تاج پورہ سکیم کے رہائشی فیض سے29ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔چوروں نے راوی روڈ سے رمضان ،گلشن اقبال سے پرویز، مزنگ سے ستار،ڈیفنس اے سے صدیق کی کاریں جبکہ مو چی گیٹ سے راشد ،ہنجروال سے منور، ساندہ سے شرافت ،شفیق آباد سے منیر، گوالمنڈی سے مزمل، اقبال ٹائون سے شہزادکی مو ٹرسا ئیکلیں چوری کر لیں جبکہ کوٹ لدھا میں ڈاکوؤں نے ایک کانسٹیبل کو فائرنگ کرکے قتل اور شاہدرہ، مریدکے میں 2 نوجوانوں کو زخمی کر دیا۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ، مریدکے اور جی ٹی روڈ پر ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ڈاکوؤں نے شہریوں کو لاکھوں روپے اور قیمتی سامان سے محروم کر دیا۔ شاہدرہ فرخ آباد کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گولی مار کر نوجوان ظفر اقبال کو زخمی کرکے موٹرسائیکل، رقم اور موبائل چھین لیا جبکہ ڈاکوؤں نے محمد نوید کے گھر میں گھس کر پندرہ لاکھ روپے کے زیورات اور نقدی لوٹ لی۔ ڈاکو عبدالمجید کے گھر میں گھس کر نقدی، زیورات، موبائل لوٹ کر لے گئے۔ فیض پور میں چوروں نے بجلی کا سامان چوری کر لیا۔ سگیاں چوک کے قریب چوروں نے ہزاروں روپے کا سامان چوری کر لیا جبکہ ڈاکوؤں نے ظہیر احمد سے موٹرسائیکل چھین لی اور مزاحمت پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بھیڑی شاہ رحمان کا رہائشی پولیس کانسٹیبل اشفاق موٹرسائیکل پر سیشن کورٹس میں ڈیوٹی سرانجامدینے کیلئے جا رہا تھا کہ کوٹ لدھا میں اسے دو ڈاکوؤں نے زبردستی روک کر لوٹنا چاہا اور مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے اشفاق کو شدید زخمی کر دیا۔ مضروب کانسٹیبل ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن