مہمند ایجنسی : چیک پوسٹ پر حملہ دو دہشت گرد ہلاک‘ کوئٹہ‘ بم دھماکے میں سیکورٹی اہلکار باجوڑ میں بچی جاں بحق
پشاور/ کوئٹہ (آئی این پی + این این آئی+ بیورو رپورٹ) مہمند ایجنسی میں پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے دو جنگجوئوں کو ہلاک کردیا۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر عیسیٰ خیل کے علاقے میں چاغی پاس کے نزدیک دو چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ سوات کے علاقے مٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے‘ فورسز نے فوری کرفیو نافذ کر کے ملزمان کیخلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ جمعرات کو سوات میں مٹہ کے علاقے نظر آباد میں دو سکیورٹی اہلکار علاقے میں پیدل گشت کررہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اہلکار زخمی ہوگئے، جنھیں فوری طور پر مٹہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق باجوڑ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر خار سے 15 کلومیٹر دور تحصیل ناوگئی کے علاقے چہارمنگ کرگنئی میں بچیاں دینی مدرسے میں سبق پڑھنے کے بعد واپس اپنے گھروں کو جا رہی تھیں کہ کچی سڑک کے کنارے ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 6 شدید زخمی ہوگئیں۔ بچیوں کی عمریں 7 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ 12 سالہ بچی ذخیرہ بی بی ولد ولایت جاں بحق ہوگئی۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔کوئٹہ میں سڑک کے کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے نصب بم کے ذریعے سکیورٹی فورسز کی گشت پر مامور گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار رحیم اللہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ڈرائیور وحید گل زخمی ہوگیا۔ دھماکے کے بعد نعش اور زخمی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ کوہلو کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے بارکھان سے کوہلو کیلئے بجلی کے دو کھمبوں کو بارودی مواد سے اڑا دیا جس کی وجہ سے کوہلو اور اس کے گردو نواح کی بجلی معطل ہوگئی۔ قلات کی تحصیل منگچر میں نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا تھا جیسے ہی سکیورٹی فورسز کی گاڑیاں وہاں سے گزریں زور دار دھماکہ ہوگیا تاہم دھماکے سے گاڑیوں کو نقصان نہیں پہنچا۔ صنعتی شہر حب میں کسٹم اور غیر قانونی طور پر ایران سے لائے جانے والے پیٹرول اور ڈیزل کے مافیا کے درمیان لڑائی سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی بلوچستان نے جعلی پاسپورٹ پر ایران جانے والے جبکہ غیر قانونی طور پر پاکستانیوں کو بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹ سمیت 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔
مہمند ایجنسی