آزادی‘ انقلاب مارچ اپنی سیاسی موت خود مر جائینگے: شہباز شریف‘ گوجرانوالہ واقعہ کا سخت نوٹس
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے سونامی مارچ اور نام نہاد انقلاب مارچ سے لاتعلقی کا اظہار کر کے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ قوم کیمرے کی آنکھ سے دیکھ چکی ہیں کہ ان بے وقت کے لانگ مارچ اور نام نہاد انقلاب کے سامنے کتنے لوگ ہیں۔ ملین مارچ کا خواب دیکھنے والوں کو صرف شرمندگی اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض عناصر پاکستان کی تاریخ کے اہم دن 14 اگست کے موقع پر قوم کو تقسیم کرنا اور ملک میں افراتفری اور محاذ آرائی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے تھے لیکن پاکستان کے باشعور عوام نے ان کے یہ عزائم ناکام بنا دیئے۔ آزادی مارچ اور انقلاب مارچ جلد اپنی سیاسی موت خود مر جائیں گے۔ بے وقت کے مارچوں اور نام نہاد انقلاب کے حوالے سے جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سونامی مارچ آغاز ہی میں سو چکا ہے اور نام نہاد آزادی وانقلاب مارچ کی ناکامی ان کا مقدر بن چکی ہے۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے گٹھ جوڑ سے بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے اور پوری قوم کے سامنے غیرجمہوری اور غیرآئینی طرزعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیراعظم کے استعفیٰ دینے یا مڈٹرم الیکشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ عوام نے مسلم لیگ ن کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے۔ چند مٹھی بھر عناصر اپنی انا کی تسکین کی خاطر پوری قوم کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔ حکومت ہر اقدام آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر اٹھا رہی ہے۔ عمران خان نے سیاست میں جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور وہ اب اخلاقیات کی حدیں پھلانگ گئے ہیں۔ عمران خان اور تحریک انصاف کی زیر قیادت خیبر پی کے حکومت کی بدترین کارکردگی کو چھپانے کی آڑ میں احتجاج کر رہے ہیں لیکن عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انتشار اور تحریک انصاف کی قیادت خیبر پی کے حکومت کی بدترین کارکردگی کو چھپانے کی آڑ میں احتجاج کر رہے ہیں لیکن عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انتشار کون پھیلا رہا ہے اور بے لوث خدمت کون کر رہا ہے؟ عمران خان نے جن کو چوڑ ڈاکو کہا آج وہ انہی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مارچ کا مقصد ملک میں انتشار پیدا کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ اگر ملک عدم استحکام کا شکار ہوا تو قوم اور تاریخ عمران اور قادری سمیت ان کے جواریوں کو معاف نہیں کرے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے گوجرانوالہ میں ناخوشگوار واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے جی ٹی روڈ پر جلوس کے راستے میں واقع مسلم لیگ ن کے تمام دفاتر بند کرنے کی ہدایت کی ہے اور آئی جی پنجاب اور صوبائی انتظامیہ سے کہا ہے کہ جلوس گزرنے تک روٹ کے راستے میں واقع مسلم لیگ ن کے تمام دفاتر کی بندش کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کسی کو امن سے کھیلنے کی اجازت دوں گا نہ قانون ہاتھ میں لینے کی۔ اگر پولیس کی گاڑی سے پتھرائو کا واقعہ پیش آیا ہے تو اس کی بھی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو پرامن رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحمل اور برداشت کا دامن نہ چھوڑیں۔