ریڈ لائن عبور کرنے والوں پر ربڑ کی گولیاں چلائی جائینگی: نثار
اسلام آباد (آئی این پی + آن لائن) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے 30 ہزار اہلکار تعینات کر دیئے ہیں، ریڈ لائن کراس کرنے پر قانون حرکت میں آئے گا، خلاف ورزی کرنے والوں پر ربڑ کی گولیاں چلائی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ تحریک انصاف کے رہنماء سیف اللہ نیازی نے ضلعی انتظامیہ کو تحریری طور پر پرامن رہنے اور ریڈ لائن کراس نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے سٹیج الگ الگ بنائے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد کی سکیورٹی کے لئے 30 ہزار جوان تعینات کئے گئے ہیں جبکہ تین ہزار ایف سی کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ ریڈ زون کی سکیورٹی کو فول پروف بنا دیا گیا ہے۔ رینجرز پولیس اور ایف سی نے جلسہ کی جگہ پر سکیورٹی سنبھال لی ہے۔چودھری نثار نے واضح کیا کہ فوج، رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں نے جلسہ گاہ کو حصار میں لے لیا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ہرممکن اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلاب مارچ کو زیرو پوائنٹ پر روکا جائے گا جہاں زیرو پوائنٹ کے ایک جانب آزادی مارچ اور دوسری جانب انقلاب مارچ پڑائو ڈالے گا۔