سنوکر چیمپئن شپ : غیر ملکی ٹیمیں آج پاکستان پہنچیں گی سعودی عرب کا شرکت سے انکار
اسلام آباد (اے پی پی) ایشین ٹیم ایونٹ اور 6 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 13 غیر ملکی ٹیمیں (آج) ہفتہ کی صبح پاکستان پہنچیں گی۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ کے مطابق چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستان سمیت 34 ایشیئن ممالک کو دعوت نامے ارسال کئے تھے۔ جن میں سے پاکستان سمیت 14 ممالک نے شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ جن میں بھارت، افغانستان،بحرین ‘ ہانگ کانگ، ایران، ملائیشیائ، نیپال، فلسطین، قطر، سنگا پور، شام، تھائی لینڈ ‘ متحدہ عرب امارات اور پاکستان شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ایونٹ ٹائٹل کا دفاع بھارت کررہا ہے جبکہ پاکستان 6 ریڈ بال چیمپئن شپ کا دفاع کرے گا انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے لئے قومی کھلاڑیوں نے 12 دن تربیتی کیمپ بھرپور محنت کی ہے اور تمام کھلاڑی کھیلنے کیلئے تیار ہیں ۔ دونوں ایونٹس 17 سے 22 اگست تک کراچی میں ہونگے۔سعودی عرب نے ایشین ٹیم ایونٹ اور 6 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں ناگزیر وجوہات کی بنا پر شرکت سے انکار کردیا۔ سعودی عرب نے پہلے چیمپئن شپ میں شرکت کی تصدیق کردی تھی تاہم گزشتہ روز ناگزیر وجوہات کی بنا پر شرکت سے انکار کردیا ہے۔