لانگ مارچ کے خوف سے سرائے عالمگیر، جہلم، دینہ، سوہاوہ میں بجلی غائب، شہریوں کو مشکلات
جہلم (نامہ نگار) لانگ مارچ کے خوف سے بجلی بھی غائب، کئی کئی گھنٹے بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے لانگ مارچ کے شرکاء کی مختلف شہریوں میں آمد مقامی شہریوں کیلئے عذاب بنا دی گئی۔ سرائے عالمگیر، جہلم، دینہ اور سوہاوہ کے علاقوں میں لانگ مارچ پہنچنے سے قبل ہی کئی کئی گھنٹے بجلی غائب ہو گئی جبکہ دیہاتی علاقوں میں 14اور 15اگست کے پورے دن میں صرف چار گھنٹے بجلی دیکھنے کو ملی۔ دوسری طر ف جمعہ کا دن ہونے کی وجہ سے مساجد اور گھروں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا رہا اور کئی شہری نماز جمعہ سے محروم رہ کر حکومت کو بدعائیں دیتے رہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی مریض بجلی کے وولٹیج پورے نہ ہونے کی وجہ ایکسرے کروانے سے محروم رہے، حکومتی پالیسی کے نتیجے میں گھروں میں شدید حبس سے تنگ شہریوں کی بڑی تعداد لانگ مارچ دیکھنے نکل کھڑی ہوئی اور ضلع کی تاریخ کا سب سے شاندار استقبال دیکھنے میں آیا۔ شہریوں کا کہنا ہے نااہل لیگ نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔ 16سے 18گھنٹے بجلی بند کر عوام کو کس چیز کی سزا دی جا رہی ہے اور وہ بجلی کہاں ہے جو نواز شریف ایک سال کے دوران درجنوں پلانٹس سے لانے کا دعویٰ کر تے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے ایسی حکومت اور جمہوریت سے آمریت ہزار گنا بہتر ہے۔ نواز شریف عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے تو استعفیٰ دے کر گھر جائیں۔
بجلی غائب