• news

آزادی ٹرین اتوار کی شام گوجرانوالہ سے لاہور پہنچے گی، وزیر ریلوے کی افسروں اور ملازمین کو مبارکباد

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان ریلویز کی آزادی ٹرین ہفتے کی رات پونے بارہ بجے شب راولپنڈی سے گوجرانوالہ پہنچے گی اور اتوار کی شام 4 بجے گوجرانوالہ سے روانہ ہو کر 7 بجے شام لاہور پہنچے گی۔ یہاں دو دن قیام کے بعد 20 اگست کی صبح 9 بجے ساہیوال کیلئے روانہ ہو جائے گی۔ آزادی ٹرین پنجاب، سندھ خیبر اور آزادکشمیر وگلگت، بلتستان کے ثقافتی فلوٹس، تحریک پاکستان، پاک فوج اور پاکستان ریلویز کی خصوصی گیلریز پر مشتمل ہے۔ آزادی ٹرین پر لوک فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستان ریلویز نے عرصہ دراز بعد جشن آزادی کے موقع پر 14 اگست کو کراچی پورٹ سے ملک بھر کیلئے 16 فریٹ ٹرینیں چلائیں۔ ریلویز کے تمام افسران اور ملازمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے یہ ثابت کر دیا حقیقی معنوں میں جشن آزادی پر وطن عزیز سے محبت کا اظہار، منفرد، پیداواری اور مثبت انداز میں کیسے کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے ریلویز خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے پاکستان ریلویز کو 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم حاصل ہوئی۔ ان 16 فریٹ ٹرینوں میں 7 آئل سپیشل، 2 سن فلاور سیڈ، 2 کنٹینر سپیشل ٹرینیں پریم نگر ڈرائی پورٹ کیلئے 2 ٹرینیں سمہ سٹہ کیلئے، ایک کول سپیشل دادو خیل کیلئے، ایک راک فاسفیٹ ماچھی گوٹھ کیلئے اور ایک ٹرین ریلوے میٹریل پر مشتمل لاہور کیلئے ہے۔ وزیر ریلوے نے افسران اور ملازمین کی محنت اور کاوشوں کو بہت زیادہ سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن