مسلمانان برصغیر نے آزادی کے لئے جو عظیم قربانیاں پیش کیں ان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، پروفیسر فرزانہ شاہین
لاہور( خصوصی رپورٹر) پاکستان حاصل کرنے کے لئے مسلمانان برصغیر نے طویل عرصے تک جدوجہد کی اور وہ عظیم قربانیاں پیش کیں جن کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ۔ 14 اگست کا دن ہمیں اس تابناک اور روشن صبح کی یاد دلاتا ہے جب برصغیر کے مسلمان انگریزوں کی غلامی کی زنجیریں توڑ کر قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں آزادی کی نعمت سے بہرہ ور ہوئے ۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین کوپر روڈ نے یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ تقریب کی مہمان خصوصی مسز نصرت جمال نے کہا کہ اقبال کے تصور اور قائد اعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان حاصل کرنے کے لئے ہزاروں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ پروفیسر ثمینہ یاسمین نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے ۔ دو قومی نظرئیے کی بنیاد پر اس خطے کی تقسیم ہی ایک ایسی حقیقت تھی جس کو جھٹلایا نہیں جا سکتا ۔ قبل ازیں پرنسپل فرزانہ شاہین ، ڈائریکٹر ایڈمن مسز نصرت جمال ودیگر اساتذہ اور طالبات نے پرچم کشائی کی ۔