گوجرانوالہ میں عمران خان کے قافلے پر فائرنگ ، پتھرائو کی شدید مذمت
لاہور( خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی رہنمائوں صاحبزادہ حامد رضا ، سید جواد الحسن کاظمی ، مفتی محمد سعید رضوی ، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی ، مفتی محمد حسیب قادری ، ارشد مصطفائی ، مولانا وزیر القادری ، میاں فہیم اختر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کے قافلے پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی فائرنگ اور پتھرائو قابل مذمت ہے ، پر امن سیاسی کارکنوں اور عورتوں پر حملہ کون سی جمہوریت ہے ۔ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ، تحریک انصاف کے آزادی مارچ پر حملے کے دوران پولیس خاموش تماشائی بن کر غنڈہ گردی دیکھتی رہی۔ حکومت اپنے گلو بٹوں کے ذریعے غنڈہ گردی کر رہی ہے ۔ پنجاب حکومت کالعدم تنظیموں کی مدد سے آزادی مارچ پر حملے کروا رہی ہے ۔ جمعیت علماء اسلام ( س) پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد عاصم مخدوم نے گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں پتھرائو کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کا یہ رویہ جمہوریت کے منافی ہے ، ن لیگ کی حکومت ہوش کے ناخن لے ، نواز لیگ نے 2013 کے عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کرکے تمام ریکارڈ توڑ دیئے تھے ، اس لئے آج بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔