• news

انقلاب، آزادی مارچ کا معاملہ سیاسی طریقے سے حل کرینگے، نواز، شہباز ملاقات میں اتفاق

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نواز شریف اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار انکے ساتھ تھے۔ ائرپورٹ سے سیدھے جاتی عمرہ رائے ونڈ چلے گئے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے ملکی صورتحال بالخصوص آزادی مارچ اور انقلاب مارچ سے پیدا شدہ صورتحال اور اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کے دوران سیشن کورٹ کی جانب سے سانحۂ لاہور کے اندراج مقدمہ کے حوالے سے فیصلہ بھی سامنے آیا۔ اسکی حقیقت جاننے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیر قانون رانا مشہود، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سینئر وکلا سے مشاورت کی۔ وزیراعظم کی لاہور آمد پر ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے انتہائی فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم جاتی عمرہ میں قیام کے دوران ملکی سیاسی صورتحال کے بارے میں قریبی رفقاء سے مشاورت جاری رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلی شہباز شریف نے جمہوریت کے تحفظ اور سازشیں ناکام بنانے کیلئے سیاسی‘ جمہوری‘ آئینی اور قانونی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ آزادی اور انقلاب مارچ کے قائدین سے مذاکرات کیلئے پارلیمنٹ میں موجود تمام اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ‘ عمران خان اور طاہر القادری کے مطالبات، ان کے انقلاب مارچ سے پیدا ہونیوالی صورتحال اور دونوں سے مذاکرات کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت کی گئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ انقلاب اور آزادی مارچ کے معاملے کو سیاسی جمہوری‘ آئینی اور قانونی طریقے سے ہی حل کیا جائیگا۔ اس سلسلہ میں پیپلز پارٹی‘ جماعت اسلامی سمیت پارلیمنٹ میں موجود تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت اور ان سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آزادی اور انقلاب مارچ کے قائدین سے مذاکرات کیلئے جو کمیٹیاں بنائی جائیں گی ان میں حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان بھی شامل ہونگے بہت جلد ان مذاکراتی کمیٹیوں کی تشکیل ہو گی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہے‘ جمہوریت کا ہر صورت تحفظ کیا جائیگا جو لوگ اپنے سیاسی ایجنڈا کیلئے ملک میں احتجاج سے جمہوریت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں انہیں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے۔ ہم تمام مسائل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے مکمل سنجیدہ ہیں۔ عوام نے مسلم لیگ ن کی حکومت کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے، ہم بھی عوام کو مایوس نہیں کرینگے۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی، عوام کے تمام مسائل کو حل کر کے ملک کو مزید ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن